شاہد خاقان عباسی نے نئے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح کردیا + تصاویر


شاہد خاقان عباسی نے نئے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح کردیا + تصاویر

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے تقریباً 13 سال کے عرصے میں مکمل ہونے والے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا افتتاح کر دیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، جدید ترین سہولیات سے آراستہ نئے ایئرپورٹ پر اب سے کچھ دیر بعد پی آئی اے کی پرواز پی کے 300 لینڈ کرے گی جب کہ ساڑھے 12 بجے پہلی پرواز کراچی کے لیے روانہ ہوگی۔

نئے ایئرپورٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر وفاقی وزراء سمیت پی آئی اے کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔

نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ 19 مربع کلو میٹر پر محیط ہے جہاں سے پروازوں کا باقاعدہ آغاز جمعرات 3 مئی سے ہوگا۔

پاکستان ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق نئے ایئرپورٹ پر کراچی سے آنے والی پرواز کے کپتان فرخ مرزا اور زوہیر الیاس فرسٹ آفیسر ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر صدر پی آئی اے اور سی ای او مشرف رسول مسافروں کا استقبال کریں گے۔

جدید ترین سہولیات سے آراستہ، 2 رن وے والا نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی عمارت کو جہاز کے پروں کے طرز پر بنایا گیا ہے جہاں بیک وقت 28 ہوائی جہازوں کے مسافروں کو سہولیات مہیا کی جا سکتی ہیں۔

نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا افتتاح 20 اپریل کو ہونا تھا تاہم نامعلوم وجوہات کے باعث تاریخ تبدیل کرتے ہوئے آج افتتاح کیا جارہا ہے ۔

اسلام آباد کا نیا ایئرپورٹ خطے کے ایوی ایشن حب کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے جہاں مسافروں کی سہولت کے لیے 3 شاپنگ مالز، گالف کورس، سینما گھر، بڑا اسپتال، کنونشن سینٹر، ڈیوٹی فری شاپس اور ریسٹورنٹ بھی موجود ہیں۔

نئے ایئرپورٹ پر بین الاقوامی معیار کے مطابق سیلف چیک ان کاؤنٹرز، لانگ ٹائم پارکنگ، 8 فائر کریش ٹینڈرز، جدید ترین ایئرفیلڈ، طیاروں کو فنی سہولیات فراہم کرنے کے لیے جدید ترین ایم آر او سسٹم اور الگ کارگو ٹرمینل بھی بنایا گیا ہے۔

ایئرپورٹ پر کارگو ویلیج بھی بنایا گیا ہے جبکہ گراؤنڈ ہینڈلنگ ایجنسیز نے کام شروع کر دیا ہے۔

نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا رن وے ساڑھے 3 کلو میٹر سے زائد طویل ہے جو پاکستان کا سب سے بڑا رن وے ہے جہاں اے تھری ایٹی سمیٹ دنیا کا بڑے سے بڑا ہوائی جہاز دھند میں بھی لینڈ کر سکتا ہے۔

پاکستان کے سب سے بڑے ایئرپورٹ کو محفوظ بنانے کے لیے ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس کے 4 ہزار جوان اور رینجرز کے دستے تعینات ہوں گے۔ اس کے علاوہ جدید ترین لیزر سیکیورٹی سسٹم بھی نصب کیا گیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری