نواز شریف کو قومی سلامتی پر کسی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں، ترجمان ن لیگ


نواز شریف کو قومی سلامتی پر کسی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں، ترجمان ن لیگ

مسلم لیگ ن نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے انٹرویو میں دیے گئے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کو قومی سلامتی کے تحفظ اور بہتری کے لیے اپنے عزم اور صلاحیت کے حوالے سے کسی سے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق ن لیگ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قائدن لیگ کی جانب سے ایک انگریزی اخبار کو دیے گئے انٹرویوکی بھارتی میڈیا نے غلط تشریح کی اور اسے توڑمروڑ کر پیش کیا، انٹرویو سے متعلق حقائق گمراہ کن انداز میں بیان کیے گئے۔

حکمراں جماعت کے ترجمان کاکہنا ہے کہ بھارتی میڈیا کی غلط تشریح کو بدقسمتی سے پاکستان کے الیکٹرونک اور سوشل میڈیا کے ایک حلقے نے ارادی یا غیرارادی طور پر نہ صرف بھارتی خبروں کی توثیق کی بلکہ بیان کے مکمل حقائق کو جانے بغیر بھارتی میڈیا کے بدترین پروپیگنڈے کو تقویت دی۔انٹرویو کی تفصیلات جانے بغیر اپنی مرضی کے حصے کو پیش کیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن ملک کی مقبول ترین قومی سیاسی جماعت ہے اور اس کے قائدکو پاکستان کی قومی سلامتی کے تحفظ اور بہتری کے لیے اپنے عزم اور صلاحیت کے حوالے سے کسی سے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ نواز شریف وزیراعظم تھے جنھوں نے پاکستان کی تاریخ میں تمام دباؤکو برداشت کرتے ہوئے مئی 1998 میں ایٹمی طاقت بنانے کا قومی سلامتی کا مشکل ترین فیصلہ کیا۔

ترجمان نے کہا کہ شہبازشریف کے آئندہ الیکشن میں کردارکے حوالے سے بیان بھی مسخ کرکے پیش کیا گیا، شہباز شریف پارٹی صدر ہیں انکی کارکردگی کے سب معترف ہیں،آئندہ الیکشن میں شہباز شریف کے کردار پر کسی شک نہیں ہونا چاہیے۔ترجمان نے کہاکہ شہباز شریف ابھی سے پارٹی منشور ملک کے کونے کونے تک پھیلا رہے ہیں۔ اس حوالے سے مستقبل میں انکی ذمہ داریوں پرکوئی ابہام نہیں ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری