عام انتخابات 27 جولائی کو ہونے کا قوی امکان


عام انتخابات 27 جولائی کو ہونے کا قوی امکان

الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات 2018 کے انعقاد کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کرلیں جب کہ ممکنہ طورپر 27 جولائی 2018 انتخابات کی تاریخ ہو سکتی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، الیکشن کمیشن ( ای سی پی ) کے عہدیدار نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ صدر مملکت الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 57 ( ون ) کے تحت ای سی پی سے مشاورت کے بعد ہی الیکشن کی تاریخ کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آئندہ ہفتے انتخابی تاریخ سے متعلق تجاویز کا مراسلہ صدر مملکت کو ارسال کرے گا۔

ای سی پی کے عہدیدار نے بتایاکہ الیکشن کمیشن شیڈول کا اعلان 28 یا 29 مئی کو کرے گا، ای سی پی کے ایک اور ذمہ دار کا کہنا تھا کہ 27 جولائی انتخابات کی حتمی تاریخ ہو سکتی ہے، اسمبلیوں کی مدت پوری ہونے کے 60 دن کے اندر انتخابات کرائے جانے چاہئیں، قومی اور پنجاب اسمبلی 31 مئی کو اپنی 5 سالہ آئینی مدت پوری کرلے گی، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان اسمبلیاں 28 مئی کو تحلیل ہو جائیں گی۔

علاوہ ازیں ایک ذمے دار نے بتایا کہ ای سی پی نے انتخابات کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں، نئی حلقہ بندیوں کا معاملہ مکمل ہو چکا ہے اور اب ڈیٹا انٹری آخری مرحلے میں داخل ہوچکی ہے، ضلعی ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران اور پریزائڈنگ افسران کی تقرری اور پولنگ اسٹیشن پر ان کی تعیناتی کا کام مکمل ہو چکا ہے، اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن نے تمام ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کو پولنگ سکیم جلد تیارکرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

اکسپرس نیوز کے مطابق ریٹرننگ افسران کو 22 جون سے پہلے حلقوں کی پولنگ سکیمیں تیارکرنے کی ڈیڈلائن دیدی گئی، اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات 2018کی تیاریوں کے سلسلے میں ان مٹ سیاہی استعمال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے پی سی ایس آئی آر کو ان مٹ سیاہی کی مطلوبہ مقدار تیار کرنے کی ہدایت کر دی جبکہ الیکشن کمیشن نے چاروں صوبائی چیف سیکریٹریز کو خط لکھ کر چاروں صوبوں سے اپنی حدود میں قائم پولنگ اسٹیشنز اور پولنگ بوتھس کا ڈیٹا بھی طلب کر لیا ہے، الیکشن کمیشن نے چاروں صوبائی سیکریٹریز کو21مئی تک ڈیٹا بھیجنے کی ہدایت کی ہے۔

ادھر الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات کیلیے جمعرات کو ملک بھر میں ریٹرننگ افسران کی تربیت کے عمل کا آغاز بھی کر دیا ہے، پہلے مرحلے میں 12 اضلاع میں ریٹرننگ افسران کو تربیت دی جا رہی ہے، الیکشن کمیشن کے مطابق17مئی سے یکم جون تک مختلف بیجز میں 849 ریٹرنگ افسران کو تربیت دی جائیگی۔

الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں غیر ملکی مبصرین پرپابندی عائد نہیں کی، ترجمان نے وضاحت کی الیکشن کمیشن انہیں انتخابی عمل کا اہم جزوسمجھتا ہے، عالمی طریقہ کار کے تحت انھیں ایکریڈیشن کارڈ جاری کیے جائیں گے، وزارت داخلہ سے سکیورٹی کلیئرنس کے بعدانھیں اجازت نامے جاری ہوں گے۔

الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ الیکشن 2018 آبزرویشن کیلئے بین الاقوامی مبصرین طے شدہ ضابطہ کار کے تحت وزارت خارجہ کے ذریعے درخواستیں بھجواسکتے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری