کراچی: ماہ رمضان میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری/ کے الیکٹرک کا صارفین کو ریلیف دینےکا دعویٰ


کراچی: ماہ رمضان میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری/ کے الیکٹرک کا صارفین کو ریلیف دینےکا دعویٰ

پاکستان کے سب سے بڑے اور صنعتی شہر میں کے الیکٹرک کی جانب سے صارفین کو ریلیف دینےکے وعدوں کے باجود بجلی کا بحران بدستوری جاری ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں رمضان المبارک کی دوسری رات بھی بجلی کی فراہمی معطل رہی اور شہریوں نے اندھیرے میں سحری کی، دوسری جانب کے الیکٹرک کا دعویٰ ہے کہ صارفین کو ترجیحی بنیادوں پر ریلیف دیا جائے گا، لیکن ساتھ ہی رمضان میں 7 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کرنے کا اقرار بھی کرلیا۔

شہر کے جن علاقوں میں سحری کے اوقات میں بجلی غائب رہی، ان میں بفرزون، لیاری، نارتھ کراچی، لانڈھی اور کورنگی شامل ہیں۔

اس حوالے سے ترجمان کے الیکٹرک کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ مختلف علاقوں میں 3 سے 7 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، تاہم سحر و افطار میں ممکنہ حد تک لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔

ترجمان نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ مستثنا علاقوں میں لوڈشیڈنگ میں ایک گھنٹہ کمی کرتے ہوئے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 2 گھنٹے تک کردیا گیا ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا مزید کہنا تھا کہ رمضان میں صارفین کو ترجیحی بنیادوں پر ریلیف دیا جائے گا اور شہری لوڈشیڈنگ کا شیڈول 118 یا 8119 پر ایس ایم ایس کے ذریعےحاصل کرسکتےہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ شہر میں کہیں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی۔

ترجمان کے الیکٹرک کا مزید کہنا تھا کہ ایک یونٹ پر کام کے باعث کچھ علاقوں میں لوڈ مینجمنٹ کی جارہی ہے، لہذا مقامی فالٹ کو لوڈشیڈنگ نہ کہا جائے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری