آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے حمایت جاری رکھیں گے: اعزاز چوہدری


آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے حمایت جاری رکھیں گے: اعزاز چوہدری

امریکا میں پاکستان کے سفیر اعزاز چوہدری نے کہا کہ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے حمایت جاری رکھیں گے، غزہ میں اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے پُر امن فلسطینی مظاہرین کو سفاکیت کا نشانہ بنایا، پر امن مظاہرین سفارت خانے کے افتتاح کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان او آئی سی کے اعلامیے کی مکمل حمایت کرتا ہے، عالمی برادری، سلامتی کونسل فلسطین سے متعلق ذمہ داریاں ادا کرے، فلسطین میں ظلم وبربریت کے خاتمے کے لیے عالمی طاقتوں کو آواز اٹھانی ہوگی۔

کشن گنگا منصوبے سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ کشن گنگا منصوبے کا افتتاح سندھ طاس معاہدے کی خلاف وزری ہے، کشن گنگا ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کا معاملہ ورلڈ بینک حل کرے، ورلڈ بینک نے اگر معاملہ حل نہ کرایا تو پاکستان عالمی عدالت سے رجوع کرے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی بینک کے صدر سے سندھ طاس معاہدے پر بات ہوگی، پاکستانی اٹارنی جنرل مذاکرات کے لیے کل واشنگٹن پہنچ رہے ہیں، علاوہ ازیں رتلے اور دیگر بھارتی منصوبوں پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز غزہ کی موجودہ صورت حال پر غور کے لیے ترکی کی میزبانی میں او آئی سی کا غیر معمولی اجلاس ہوا، رجب طیب اردگان کی زیر صدارت استنبول میں ہونے والے اہم اجلاس میں اٹھارہ ممالک کے سربراہان سمیت اڑتالیس اسلامی ملکوں کے نمائندوں نے شرکت کی، پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری