پاکستان: کشمیر اور فلسطین مسائل کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتے ہیں


پاکستان: کشمیر اور فلسطین مسائل کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتے ہیں

سیکرٹری خارجہ پاکستان کا کہنا ہے کہ فلسطین اور جموں و کشمیر دونوں خطوں کی صورت حال مہذب دنیا کے عالمی ضمیر کو جھنجوڑ رہی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق سیکرٹری خارجہ پاکستان تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کےمطابق حل کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے اپنے بیان میں کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارت خانے کا افتتاح عالمی قوانین خصوصاََ بیت المقدس کی حیثیت کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اورجنرل اسمبلی کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔

تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ ہم مسلمانوں کو متحد ہونے کی ضرورت ہے اور اس نازک صورت حال میں ہماری مشترکہ آواز ہی سنی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین اور جموں وکشمیر دونوں خطوں کی صورت حال مہذب دنیا کے عالمی ضمیر کوجھنجوڑ رہی ہے، دونوں خطوں میں نہتے عوام کا قتل عام جاری ہے۔

سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ دونوں خطوں میں عالمی قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے عالمی برادری کو اجتماعیت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ لوگوں کے منصفانہ نصب العین، تسلط کے خاتمے اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام عالمی فورموں پرآواز اٹھانے کی ضرورت پرزوردیا۔

اقوام متحدہ میں پاکستان نے جموں وکشمیر اور فلسطین کے تنازعات کو سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے پرزور دیا ہے۔

خیال رہے کہ 3 روز قبل اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتا ہے۔ فلسطینیوں کے قتل عام پراسرائیل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری