بھارت کیجانب سے متنازع کشن گنگا ڈیم کا افتتاح؛ پاکستان عالمی بینک سے رجوع کریگا


بھارت کیجانب سے متنازع کشن گنگا ڈیم کا افتتاح؛ پاکستان عالمی بینک سے رجوع کریگا

پاکستان نے عالمی بنک کے حکام کو بھارت کی طرف سے اس ہفتے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشن گنگا پن بجلی منصوبے کے افتتاح پر اپنی شدید تشویش سے آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزازاحمد چوہدری نے واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اٹارنی جنرل اشتر اوصاف علی کی قیادت میں چار رکن وفد کل واشنگٹن میں اس مسئلے کے حوالے سے عالمی بینک کے حکام سے بات چیت کرے گا۔

پاکستان نے بھارت کی طرف سے اس تنازعے کے حل کے بغیر منصوبے کے افتتاح کو سندھ طاس معاہدے کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے جو 1960 میں عالمی بنک کی طرف سے کرایاگیا تھا۔

اعزاز چوہدری نے کہا کہ عالمی بنک اس بین الاقوامی معاہدے کا ضامن ہے لہذا اسے اس معاملے میں مداخلت کرنی چاہیے اور اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ڈیم پاکستان کی طرف آنے والے پانی پر بنایا گیا ہے جس سے زراعت کی غرض سے ملکی ضروریات کے لئے درکار پانی کی فراہمی بری طرح متاثر ہوگی۔

بھارت متنازعہ علاقے میں ایسے کئی منصوبے شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری