الیکشن کمیشن کی جانب سے صدرمملکت کو انتخابات کی تاریخ کے تعین کیلئے سمری ارسال


الیکشن کمیشن کی جانب سے صدرمملکت کو انتخابات کی تاریخ کے تعین کیلئے سمری ارسال

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تاریخ کے تعین کے لئے صدر کو ایک سمری ارسال کی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کے حوالے سے صدر مملکت ممنون حسین کو سمری ارسال کردی۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا اجلاس ہوا، جس میں الیکشن کمیشن حکام کی جانب سے عام انتخابات 2018 کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔

الیکشن کمیشن حکام نے کمیٹی کوبتایا کہ انتخابی فہرستوں کی رجسٹریشن مکمل کرلی گئی ہے، ملک بھرمیں کل ووٹرز کی تعداد 10 کروڑ 42 لاکھ 67 ہزار 581 ہوگئی ہے، مرد ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 84 لاکھ جب کہ خواتین ووٹرز کی تعداد 4 کروڑ 58 لاکھ ہے۔

الیکشن کمیشن کے حکام نے بتایا کہ قومی اسمبلی کی آئینی مدت 31 مئی کو پوری ہوگی، ملک بھرمیں آئندہ عام انتخابات کے لیے 85 ہزار کے قریب پولنگ اسٹیشنز بنائے جائیں گے، 2 لاکھ 85 ہزارپولنگ بوتھ بنائے جائیں گے، 9 لاکھ افراد پرمشتمل پولنگ عملہ ڈیوٹی دے گا، صدر مملکت کو عام انتخابات 2018 کی تاریخ مقررکرنے کے حوالے سے سمری ارسال کردی گئی ہے۔

سمری میں صدرپاکستان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ الیکشنزایکٹ 2017 کے دفعہ 57 (1) کے تحت سمری منظورکریں، عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے صدرمملکت کو تجویزکی گئی ہے کہ وہ عام انتخابات کے لئے 25 تا 27 جولائی 2018 کے درمیان کوئی بھی تاریخ مقررکریں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری