ڈی جی پیمرا کی تمام مذہبی چینلز کو بند کرنے کی ناکام کوشش


ڈی جی پیمرا کی تمام مذہبی چینلز کو بند کرنے کی ناکام کوشش

ڈی جی پیمرا کی جانب سے گزشتہ روز ملک کے تمام مذہبی چینلز اچانک بند کردیئے گئے، جس کا چیئرمین پیمرا نے فوری نوٹس لیتے ہوئے تمام چینلز بحال کرادیئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ماہ رمضان المبارک میں ڈی جی پیمرا کی جانب سے عوام کو مذہبی پروگرامات سے محروم کرنے کی ناکام کوشش کی گئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے تمام چینلز پر مذہبی مواد بڑھانے پر زور دیا تھا، جس پر ڈی جی پیمرا حاجی آدم نے الٹا ہی کام کر ڈالا اور تمام مذہبی چینل ہی بند کرادیئے، بعد ازاں چیئرمین پیمرا اشفاق جمانی کے فوری ایکشن پر تمام مذہبی چینلز کی نشریات بحال کر دی گئیں۔

اس حوالے سے کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری چوہدری طاہر جاوید نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ گزشتہ روز پیمرا کی جانب سے ایک فہرست فراہم کی گئی تھی کہ صرف یہی چینل آن ائیر ہوں گے، مذکورہ فہرست میں کوئی مذہبی چینل شامل نہیں تھا۔

ڈی جی پیمرا حاجی آدم کی اس من مانی کی اطلاع جیسے ہی  قائم مقام چیئرمین پیمرا اشفاق جمانی کو  ملی تو انہوں نے فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے مذہبی چینلز کی بحالی کا حکم دے دیا۔

کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن نے تمام مذہبی چینلز کی بحالی کا خیر مقدم کیا ہے، کیبل آپریٹرزایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری چوہدری طاہر جاوید نے کہا کہ نازک معاملے کا فوری نوٹس لینے پر قائم مقام چیئرمین پیمرا اشفاق جمانی کے شکر گزار ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری