نگراں وزیراعظم پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اتفاق کی امید ختم، فیصلہ اب پارلیمانی کمیٹی کریگی


نگراں وزیراعظم پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اتفاق کی امید ختم، فیصلہ اب پارلیمانی کمیٹی کریگی

اپوزیشن لیڈر نے 6 ناکام ملاقاتوں کے بعد نگراں وزیراعظم پر شاہد خاقان عباسی کیساتھ مزید گفتگو کرنے سے انکار کردیا ہے جس کے بعد معاملہ اب پارلیمانی کمیٹی کے سپرد کیا جائیگا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق نگراں وزیراعظم کے حوالے سے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی آج ہونے والی ملاقات منسوخ ہوگئی ہے جب کہ خورشید شاہ نے کہا ہے کہ معاملے پر شاہد خاقان عباسی سے اب کوئی ملاقات نہیں ہوگی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور قائد حزبِ اختلاف خورشید شاہ کی نگراں وزیراعظم کے حوالے سے آج ہونے والی ملاقات منسوخ ہوگئی ہے اور معاملہ مزید تعطل کا شکار ہوگیا ہے۔

قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نگراں وزیراعظم کے ناموں کے معاملے پر اپنی بات سے پھر گئے ہیں، اب ان سے نگراں وزیراعظم کے معاملے پر ملاقات نہیں ہو گی، ہمیں کہا گیا کہ ججز کو نگراں وزیراعظم کے نام میں شامل نہیں کیا جائے گا، ہم ججز کے نام دینا چاہتے تھے لیکن نہیں دئیے، اب ہوسکتا ہے پارٹی مشاورت کے بعد پارلیمانی کمیٹی کے لئے 2 نام اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوادوں، پیپلز پارٹی کی طرف سے نوید قمر اور شیری رحمن پارلیمانی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے گزشتہ روز بھی شکوہ کیا تھا کہ نگراں وزیراعظم کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس جائیگا، حکومت معاملے پر اپنی بات سے پیچھے ہٹ رہی ہے، وزیراعظم کو ہمارے نام مسترد کرنے کا کوئی اختیار نہیں، اپوزیشن کے نام مسترد نہیں ہو سکتے بلکہ پارلیمانی کمیٹی کو بھیجے جائیں گے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری