افغانستان میں دہشتگردوں کی دھمکیوں کے سبب درجنوں اسکول بند


افغانستان میں دہشتگردوں کی دھمکیوں کے سبب درجنوں اسکول بند

افغانستان میں طالبان شدت پسندوں نے سنگین نتائج کی دھمکی دیتے ہوئے درجنوں اسکولوں کو بند کرا دیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ افغانستان کے شمالی صوبے ’تخار‘ کے تمام اسکول بند کیے جائیں بصورت دیگر سنگین نتائج کے ذمہ دار حکام ہوں گے۔

افغان حکام کا کہنا ہے کہ طالبان عسکریت پسندوں کے اس اعلان سے اسکول میں زیر تعلیم ہزاروں کی تعداد میں طلبہ متاثر ہوں گے جبکہ تخار میں طالبان کے اعلان کے بعد تمام کے تمام اسکول جن میں ستائیس پرائمری اور سیکنڈری اسکول شامل ہیں انہیں مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ افغان صوبے تخار میں فورسز کی جانب سے کارروائیاں کی جارہی ہیں، گذشتہ دنوں شدت پسندوں کے ایک اہم لیڈر کو بھی گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ اسکول بند کرانے کا یہ دھمکی آمیز عمل افغان فورسز کی کارروائیوں کا ردعمل ہوسکتا ہے۔

خیال رہے کہ افغانستان حالیہ چند ہفتوں سے عسکریت پسندوں کے دہشت گردانہ حملوں کے نشانے پر ہے، گذشتہ دنوں بھی یکے بعد دیگرے دو دہشت گرد حملے کیے گئے تھے جس کے نتیجے میں درجنوں افراد اپنی زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔

یاد رہے کہ 23 مئی کو افٖغانستان کے صوبے غزنی میں طالبان عسکریت پسندوں نے متعدد حملے کر کے 14 پولیس اہلکاروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا جبکہ متعدد زخمی بھی ہوگئے تھے۔

علاوہ ازیں 23 مئی کو ہی افغانستان کے شہر قندھار میں مکینک ورک شاپ پر ایک زور دار دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 16 عام شہری مارے گئے تھے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری