گجرات: سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 6 دہشت گرد ہلاک


گجرات: سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 6 دہشت گرد ہلاک

دہشت گردوں کے قبضے سے 2 خودکش جیکٹس، کلاشنکوف، ہینڈ گرینیڈ اور بارودی مواد برآمد ہوا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق سی ٹی ڈی نے چناب پل کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 6 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جب کہ 3 دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سی ٹی ڈی نے چناب پل کے قریب 9 دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی تو دہشت گردوں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کردی۔ سی ٹی ڈی کے اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان ایک گھنٹے تک فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں 6 مبینہ دہشت گرد ہلاک جب کہ 3 اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے اور علاقے میں ناکہ بندی کردی گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز نے سی ٹی ڈی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں میں صہیب، عبدالمقیم، فیصل، عثمان، عبدالعظیم اور رؤف شامل ہیں جن کے قبضے سے 2 خودکش جیکٹس، کلاشنکوف، ہینڈ گرینیڈ، اور بارودی مواد برآمد ہوا۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والا ایک دہشتگرد صہیب جس کا نام ریڈ بک میں شامل تھا اور وہ لاہور دھماکوں میں بھی ملوث تھا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری