فاٹا انضمام بل کو آج خیبرپختوخوا اسمبلی میں پیش کیا جائے گا


فاٹا انضمام بل کو آج خیبرپختوخوا اسمبلی میں پیش کیا جائے گا

قومی اسمبلی اور سینیٹ میں منظوری کے بعد فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کا بل آج صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقہ جات فاٹا کے خیبرپختونخواہ میں انضمام سے متعلق بل آج صوبائی اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ اسمبلی کا اجلاس اسپیکراسد قیصرکی زیرصدارت آج ہوگا جس کے دوران فاٹا کے صوبے میں انضمام سے متعلق بل کی منظوری لی جائے گی۔

صوبائی حکومت کو فیصلے کی توثیق کے لیے 82 ووٹ درکار ہوں گے جبکہ جمعیت علمائے اسلام کے علاوہ تمام جماعتیں توثیق کی حمایت کریں گی۔ جمعیت کی جانب سے مخالفت کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ فاٹا انضمام کی توثیق کے لیے 2 تہائی اکثریت درکار ہے اور مطلوبہ اکثریت حاصل کرنے کے لیے حکومت اور اپوزیشن میں رابطوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے یہ ٹاسک اسپیکر اسد قیصر کو سونپا ہے۔

فاٹا کے انضمام سے متعلق آئینی ترمیمی بل کے متن کے مطابق قومی اسمبلی کی نشستیں 342 سے کم ہو کر 336 رہ جائیں گی جب کہ فاٹا کو خیبر پختونخواہ اسمبلی میں 21 نشستیں ملیں گی۔

بل کے مطابق عام نشستیں 16، خواتین کی 4، غیر مسلم کی ایک نشست ہوگی، جبکہ فاٹا کی موجودہ قومی اسمبلی کی نشستیں 2018 الیکشن میں برقرار رہیں گی۔

متن میں کہا گیا ہے کہ عام انتخابات کے ایک سال بعد فاٹا کی اضافی نشستوں پر الیکشن ہوں گے۔

خیال رہے کہ 25 مئی کو فاٹا کے انضمام کا بل سینیٹ میں منظور کرلیا گیا تھا ۔ بل کی حمایت میں 71 اور مخالفت میں 5 ووٹ دیے گئے تھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے قومی اسمبلی میں فاٹا کے انضمام سے متعلق آئینی ترمیمی بل منظور کرلی گئی تھی، بل کی حمایت میں 229 جبکہ مخالفت میں ایک ووٹ آیا تھا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری