کراچی میں ہیٹ ویو کی نئی وارننگ؛ محکمہ موسمیات نے مزید 3 روز تک محتاط رہنے کی ہدایت کردی


کراچی میں ہیٹ ویو کی نئی وارننگ؛ محکمہ موسمیات نے مزید 3 روز تک محتاط رہنے کی ہدایت کردی

محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کرتے ہوئے کراچی والوں کو مزید تین روز تک محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق شہر قائد کے لوگ ایک بار پھر شدید اور جھلسادینے والی گرمی کے لیے تیار رہیں محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویوکی نئی وارننگ جاری کرتے ہوئے شہریوں کواگلے تین روز تک محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

رمضان المبارک کے  مقدس مہینے کے آغاز کے ساتھ ہی گرمی نے کراچی میں ڈیرے ڈال لیے ہیں گزشتہ ہفتے شدید، چلچلاتی ہوئی دھوپ اور سمندری ہواؤں کی بندش نے شہریوں کا جینا مشکل کردیاتھا تاہم گزشتہ دوروز سے سمندری ہوائیں چلنے کے باعث شہریوں کی جان میں جان آئی تھی کہ محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کردی ہے۔

ایکسپرس نیوز نے محکمہ موسمیات کے حوالے سے بتایا ہے کہ کراچی کا موسم آج بھی گرم اور خشک رہے گا جب کہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔ آج صبح 10 بجے کراچی کا درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔

کراچی میں ایک بار پھر ہیٹ ویو کی وارننگ کے پیش نظر شہر میں اگلے تین روز تک درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا لہٰذا شہری صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں، ہلکے رنگوں کے ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہنیں اور سرپر گیلا کپڑا رکھیں۔ یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے ہیٹ ویو اور گرمی کی شدت سے بچا جاسکتا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری