جی بی آرڈر پر بھارتی احتجاج/ پاکستان: دہلی من گھڑت احتجاج کے بجائے کشمیر سے غیر قانونی تسلط ختم کرے


جی بی آرڈر پر بھارتی احتجاج/ پاکستان: دہلی من گھڑت احتجاج کے بجائے کشمیر سے غیر قانونی تسلط ختم کرے

پاکستان نے گلگت بلتستان آرڈر 2018ء پر بھارتی احتجاج کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت من گھڑت احتجاج کے بجائے مقبوضہ کشمیر سے غیر قانونی تسلط ختم کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے گلگت بلتستان آرڈر پر بھارتی احتجاج پر ردعمل دیتے ہوئے نئی دہلی کے احتجاج کو مسترد کردیا ہے، بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت من گھڑت احتجاج کے بجائے مقبوضہ وادی سے غیر قانونی تسلط ختم کرے۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ جموں و کشمیر کی تمام ریاست متنازع خطہ ہے اور اقوام متحدہ نے جموں کشمیر میں حق خودارایت کے لیے قرار دادیں منظور کر رکھی ہیں جب کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی کرنے والا بھارت کیسے دوسروں کو درس دے سکتا ہے؟

ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی دعویٰ کسی طور پر قابل قبول نہیں اور گلگت بلتستان آرڈر پر بھارتی احتجاج کو بھی مسترد کرتے ہیں، پاکستان نے جو اقدام اٹھایا ہے وہ گلگت بلتستان کے عوام کو مزید بااختیار بنانے کے لیے ہے۔

واضح رہے کہ وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے گزشتہ روز گلگت بلتستان اسمبلی سے خطاب کے دوران گلگت بلتستان آرڈر 2018ء کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے کہا  کہ اب گلگت بلتستان کو بھی وہی حقوق حاصل ہوں گے جو بقیہ چار صوبوں کو حاصل ہیں۔

اس اعلان پر بھارتی حکومت نے نئی دلی میں متعین پاکستانی ڈپٹی ہائی کمشنر سید حیدر شاہ کو طلب کرکے احتجاج کیا  اور کہا  کہ  ریاست جموں و کشمیر بھارت کا حصہ ہے اور پاکستان کو قانونی طور پر کوئی حق نہیں کہ وہ اس کے کسی ایک حصے کا بھی اسٹیٹس تبدیل کرے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری