لارڈز ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں انگلینڈ کو پاکستان کے ہاتھوں بدترین شکست


لارڈز ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں انگلینڈ کو پاکستان کے ہاتھوں بدترین شکست

پاکستان نے دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ کو نو وکٹوں  سے شکست دے دی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق لارڈز ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں انگلینڈ  نے  پاکستان کو صرف 64 رنز کا ہدف دیا تھا، پاکستان نے مقررہ ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

اوپنر اظہر علی چار رنز نبا کر جیمز اینڈرسن کی بال پر کلین بولڈ ہو گئے تا ہم  دوسرے اوپنر امام  الحق اور حارث سہیل نے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کر دیا، حارث سہیل نے ناقابل شکست 39 اور امام الحق نے 18 رنز بنائے۔

انگلینڈ  نے چوتھے دن اپنی دوسری اننگز کا آغاز چھ وکٹوں کے نقصان پر 235 رنز سے کیا  لیکن  مجموعی اسکور میں دو رنز کے اضافے کے بعد بٹلر 67 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر آؤٹ ہو گئے، انگلینڈ کی طرف سے ڈیبیو کرنے والے ڈومینک بیس 57 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

مہمان ٹیم کی نویں اور دسویں وکٹ 242 رنز پر گری جب مارک ووڈ  چار اور اسٹارٹ برڈ  بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔

ٹیسٹ کے چوتھے روز بھی پاکستانی بالرز کھیل پر چھائے رہے جس کے باعث میزبان ٹیم کے بیٹسمین  زیادہ دیر پچ پر نہ ٹھہر سکے، پاکستانی بالرز نے صرف سات رنز دے کر چار کھلاڑی آؤٹ کیے۔

اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے صرف 184 اسکور بنائے تھے جس کے جواب میں  پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 363 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور محمد عباس نے چار، چاروکٹیں حاصل کیں اور شاداب خان نے دو کھلاڑیوں کو آوَٹ کیا۔

فاسٹ بالر محمد عباس کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

سیریز کا دوسرا میچ یکم جون سے ہیڈ نگلے لیڈز میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان لارڈز میں اب تک پندرہ ٹیسٹ میچ کھیلے گئے ہیں جن میں چھ ٹیسٹ ڈرا ہوئے جبکہ  پاکستان نے پانچ اور انگلینڈ نے چار میچ  جیتے۔

انگلینڈ ، لارڈز کے میدان میں پاکستان کو تین بار ایک اننگز سے شکست دے چکا ہے  لیکن پاکستان نے انگلینڈ کو لارڈز میں کبھی ایک اننگز کے مارجن سے نہیں ہرایا ۔

پاکستان کو سب سے بڑی شکست 2010 میں ہوئی جب انگلینڈ کو ایک اننگز اور 225 رنز سے فاتح قرار دیا گیا ۔

پاکستان نے 1982 میں انگلینڈ کو دس وکٹ سے شکست دی تھی ۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری