پاکستان: ایٹمی صلاحیت کسی بھی جارحیت کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے حاصل کی گئی


پاکستان: ایٹمی صلاحیت کسی بھی جارحیت کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے حاصل کی گئی

دفتر خارجہ پاکستان نے یوم تکبیر کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لئے حاصل کی گئی تھی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان کے ایٹمی تجربات کے 20 سال مکمل ہونے پر ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کو 1998 میں اپنے دفاع کے لئے ایٹمی تجربات کرنے پڑے لیکن اس کے باوجود پاکستان نے گزشتہ 20 سال میں ایٹمی عدم پھیلاوَ پر سختی سے عمل کیا ہے۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان کے پاس جدید ترین ایٹمی ٹیکنالوجی موجود ہے لیکن ایٹمی پروگرام  دفاعی مقاصد کے لئے ہے، ہم 2050  تک ایٹمی توانائی سے 40 ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے پر عمل پیرا ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لئے حاصل کی گئی تھی۔

واضح رہے 28 مئی پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہے جب مملکت خداداد نے بھارتی ایٹمی دھماکوں کے جواب میں بلوچستان کے ضلع چاغی میں پانچ کامیاب ایٹمی دھماکے کیے تھے، اس تاریخی دن کو یوم تکبیر کے نام سے موسوم کیا گیا۔

پاکستان اس سے بہت پہلے ہی ایٹمی صلاحیت حاصل کرچکا تھا لیکن بھارتی دھمکیوں اور بھارت کی جانب سے ایک بار پھر ایٹمی تجربات کے جواب میں پاکستان نے 28 مئی کو ایٹمی تجربات کرکے ایٹمی صلاحیت کا حامل ملک  ہونے کا اعلان کردیا تھا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری