سعودی عرب میں بادشاہت مخالف افراد کی گرفتاریاں جاری، مزید 17 افراد گرفتار


سعودی عرب میں بادشاہت مخالف افراد کی گرفتاریاں جاری، مزید 17 افراد گرفتار

سعودی عرب میں آل سعود کی متعصب پالیسیوں کے سبب زبان کھولنے والے شہریوں کی گرفتاریاں عروج پر ہیں جبکہ تازہ ترین کارروائی میں 7 خواتین سمیت 17 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق سعودی عرب میں بن سلمان کے سیاسی مخالفین کو کچلنے کیلئے حکومتی نمائندوں کی برطرفی کیساتھ ساتھ عام شہریوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق ریاست مخالف سازش کرنے اور دشمن ممالک سے روابط رکھنے کے بہانے 7 خواتین سمیت مزید 17 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ عرب میڈیا کے مطابق ملزمان میں سے 3 خواتین سمیت 8 افراد کو پوچھ گچھ کے بعد رہا کردیا گیا۔

پبلک پراسیکیوٹر آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ روز ریاست کے خلاف سازش کرنے اور ملک دشمن ممالک سے ساز باز کرنے کے الزام میں 17 افراد کو حراست میں لیا گیا تھا، ان افراد کو ملک کے مختلف علاقوں میں گرفتار کیا گیا تھا۔

سعودی میڈیا کے مطابق پانچ مردوں اور تین خواتین کو پوچھ گچھ کے بعد تحقیقات مکمل ہونے تک عارضی طور پر رہا کردیا گیا ہے جبکہ جرائم کا اعتراف کرنے والے دیگر 5 مرد اور 4 خواتین زیر حراست ہیں۔

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ حکومت کے خلاف سازش کرنے کا اعتراف کرنے والے 5 مرد اور 4 خواتین کے خلاف شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں، زیر حراست افراد پر الزام ہے کہ وہ ملک دشمن تنظیموں کے لیے کام کرتے تھے۔

زیر حراست ملزمان پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے خفیہ معلومات کے حصول کے لیے حساس اداروں میں اپنے لوگوں کو بھرتی کرایا اور بیرون ملک دشمن تنظیموں کی اخلاقی حمایت بھی کی۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری