ممبئی حملہ کیس میں تمام پاکستانی گواہوں کے بیانات قلمبند، جرح مکمل


ممبئی حملہ کیس میں تمام پاکستانی گواہوں کے بیانات قلمبند، جرح مکمل

انسداد دہشتگری عدالت نے ممبئی حملہ کیس میں تمام پاکستانی گواہوں کے بیانات قلمبند کرلیے جب کہ ان پر جرح بھی مکمل ہوگئی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق انسداد دہشتگری عدالت اسلام آباد میں ممبئی حملہ کیس کی سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے کی۔ استغاثہ کے گواہ زاہد اختر عدالت میں پیش ہوئے اور وکیل صفائی نے ان پر جرح مکمل کرلی۔ عدالت نے کیس میں تمام پاکستانی گواہوں کے بیانات قلمبند کرکے جرح بھی مکمل کرلی۔

ملزمان کے وکیل راجہ رضوان عباسی نے درخواست کی کہ بھارتی گواہوں سے متعلق حکم جاری کیا جائے، عدالت نے کہا کہ وزرات داخلہ نے 27 بھارتی گواہوں کی دستیابی سے متعلق مہلت مانگ رکھی ہے۔ ملزمان کے وکیل نے کہا کہ وزارت داخلہ تین سال کہاں تھی، اس نے آج تک یہاں کوئی جواب نہیں دیا، یہ نہ ہو 27 جون کو ایک بار پھر وقت مانگ لے۔

فاضل جج نے کہا کہ عدالت نے اپنے حکم نامے میں لکھا ہے کہ 27 جون آخری مہلت ہے۔ پراسیکیوٹر نے وکیل ملزمان سے کہا کہ آپ انتظار کر لیں اگر رپورٹ پیش نہ کی گئی تو بھارتی گواہوں کے بغیر فیصلہ سنا دیا جائے گا۔ عدالت نے کیس کی سماعت 27 جون تک ملتوی کردی۔

ممبئی حملہ کیس میں 87 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے جاچکے ہیں۔ مجموعی طورپر 8 ملزمان نامزد ہیں جن میں حماد امین، شاہد جمیل، ظفر اقبال، عبد الواحد، محمد یونس، جمیل احمداور سفیان ظفر جیل میں ہیں جب کہ زکی الرحمان لکھوی بعد از گرفتاری ضمانت پر ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری