تصاویر | کینیڈا میں جی سیون سمٹ کیخلاف شدید مظاہرے، امریکی اور برطانوی جھنڈے نذرِ آتش


تصاویر | کینیڈا میں جی سیون سمٹ کیخلاف شدید مظاہرے، امریکی اور برطانوی جھنڈے نذرِ آتش

جی سیون سربراہ اجلاس کی پالیسیوں کے خلاف مظاہروں کے منتظمین کا کہنا ہے کہ ان سات ملکوں کی کرنسیاں عالمی عدم مساوات کی ذمہ دار ہیں کیونکہ غریب ممالک کی اقتصادیات کا انحصار انہی کرنسیوں پر ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق کینیڈا میں امیر اور صنعتی ملکوں کے سربراہ اجلاس کے موقع پر اقتصادی عدم مساوات کےخلاف شدید مظاہرے ہوئے ہیں۔

جی سیون سربراہ اجلاس کی پالیسیوں کے خلاف مظاہروں کے منتظمین کا کہنا ہے کہ ان سات ملکوں کی کرنسیاں عالمی عدم مساوات کی ذمہ دار ہیں کیونکہ غریب ممالک کی اقتصادیات کا انحصار انہی کرنسیوں پر ہے۔

بعض مظاہرین نےگرفتاری کے خوف سے نقاب پہنا ہوا تھا جبکہ مظاہرین نے امریکا اور برطانوی جھنڈے نذرِ آتش کردیے۔

کینیڈین حکومت نے لا مالبائی کے گاؤں میں کانفرنس کے مقام کی سکیورٹی کے لیے ایک تین میٹر بلند دیوار بھی کھڑی کی ہے تا کہ مظاہرین اگر کیوبیک شہر سے نکل کر کانفرنس کے مقام کے قریب بھی آ جائیں تو انہیں دیوار کے باہر ہی روکا جا سکے۔ کیوبیک شہر کے مختلف مقامات پر پولیس کی ٹکڑیاں چوکس کھڑی ہیں۔

جی سیون ممالک کے رہنما اس اجلاس میں اب تک ایک مشترکہ بیان تک تیار نہیں کر پائے ہیں۔ امریکا اور اس کے اتحادیوں کے مابین بڑھتی خلیج نے تجارت اور ’ورلڈ آرڈر‘ کو بھی خطرے میں ڈال دیا ہے۔

سات امیر ترین اور صنعتی ممالک کی جی سیون سمٹ کے دوران اس مرتبہ ’چھ جمع ایک‘ کی اصطلاح سب سے زیادہ استعمال کی جا رہی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اس مرتبہ کی سمٹ میں چھ ممالک ایک طرف اور ایک ملک (یعنی امریکا) دوسری طرف کھڑا دکھائی دے رہا ہے۔

سمٹ کے دوران اب تک امریکا اور اس کے یورپی اتحادیوں کے مابین جن امور پر نمایاں اختلافات دکھائی دے رہے ہیں ان میں عالمی تجارت، تحفظ ماحولیات اور ایران کے ساتھ طے شدہ جوہری معاہدہ شامل ہیں۔

امریکا کی جانب سے یورپی ممالک سے بھی اسٹیل کی درآمد پر اضافی محصولات عائد کیے جانے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے ٹرمپ نے اسے ’قومی سلامتی‘ کے لیے ضروری قرار دیا۔ تاہم کینیڈا سمیت دیگر ممالک اسے عالمی تجارتی نظام کی خلاف ورزی، غیر قانونی اور تجارتی جنگ سے تعبیر کر رہے ہیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری