انتخابات 2018; امیدواروں میں دہری شہریت کے حامل 122 افراد کا انکشاف


انتخابات 2018; امیدواروں میں دہری شہریت کے حامل 122 افراد کا انکشاف

پاکستان کے عام انتخابات میں حصہ لینے کے خواہش مند 122 امیدوار دہری شہریت کے حامل نکلے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق فیصل واوڈا، فوزیہ قصوری،نادر لغاری امریکی شہری نکلے جبکہ سابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی کینیڈین شہریت نکل آئی، الیکشن کمیشن کو دہری شہریت کے حامل امیدواروں کی فہرست موصول ہوگئی۔

الیکشن کمیشن کو موصول ہونے والی دوہری شہریت کے حامل امیدواروں کی فہرست کے مطابق 60 امیداروں برطانوی شہریت کے حامل ہیں۔

ایف آئی اے رپورٹ کے مطابق 26 امیداوروں کے پاس امریکی، 24 کے پاس کنییڈین شہریت ہے، 3 امیدواروں کے پاس آئرلینڈ، 2 کے پاس بلجیئم کی شہریت ہے۔

رپورٹ کے مطابق بعض امیدواروں کے پاس سنگاپور، آسٹریلیا، جرمنی،اٹلی، جنوبی افریقہ ، اسپین اور ازبکستان کی شہریت ہے۔

فہرست کے مطابق حلقہ این اے 204 سے امیدوار نادر لغاری امریکی شہری ہیں جبکہ این اے 247 کراچی سے امیدوار فوزیہ قصوری امریکی شہری ہیں۔

اس کے علاوہ آریش کمار کینیڈا، ملیکہ بخاری برطانیہ، مراد علی شاہ کینیڈین شہریت رکھتے ہیں۔

این اے 249 سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار فیصل واوڈا امریکی شہری ہیں۔

خیال رہے کہ دہری شہریت کا حامل شخص انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتا، انتخابات میں حصہ لینے کے لیے دوسرے ملک کی شہریت ترک کرنا ضروری ہے۔

2100 سے زائد امیدوار مختلف اداروں کے نادہندہ نکلے

الیکشن کمیشن نے مختلف اداروں کے نادہندگان کی فہرست بھی جاری کردی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن لڑنے کے خواہش مند افراد کے کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی میں اب تک 2100 سے زائد امیدوار مختلف اداروں کے نا دہندہ نکل چکے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اسٹیٹ بینک کے 383 نادہندگان کی فہرست الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئی ہے جبکہ پی ٹی سی ایل کی جانب سے 1500 نادہندگان کی فہرست بھجوائی گئی ہے۔

انتخابی امیدواروں میں سوئی گیس کے نادہندگان کی تعداد 310 ہے جبکہ 88 امیدواروں کے دہری شہریت کے متعلق ڈیٹا ابھی ایف آئی اے کے زیر غور ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری