جاپان میں 6.1 شدت کا زلزلہ؛ 3 ہلاک اور 51 زخمی


جاپان میں 6.1 شدت کا زلزلہ؛ 3 ہلاک اور 51 زخمی

جاپان میں6.1 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں اب تک تین افراد کے ہلاک اور 51 کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق جاپان کے شہراوساکامیں چھ اعشاریہ ایک شدت کازلزلہ آیا ہے جس سےکئی عمارتوں کونقصان پہنچا ہے جبکہ بلٹ ٹرین سروس معطل کردی گئی ہے۔ تاحال زلزلے کی تباہ کاریوں سے متاثر ہونے والوں کو بچانے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

میڈیا ذرائع کے مطابق ایک 80 سالہ بزرگ شہری اور نو سالہ کمسن لڑکی سمیت کل تین افرا د کی ہلاکت کی تصدیق ہوسکی ہے جبکہ زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 51 بتائی جارہی ہے، جاپان میں اس قسم کی ایمرجنسی صورتحال میں جانی نقصان کی اطلاع تمام امدادی کارروائیاں مکمل کرکے اور اعداد و شمار اکھٹے کرنے کی بعد جاری کی جاتی ہے۔

زلزلہ جاپان کے مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے آیا جب معمولاتِ زندگی اپنےعروج پر تھے ، بچے اسکول جاچکے تھے اور لوگ اپنے دفاتر کی جانب رواں دواں تھے۔

امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 5.3 میگنی ٹیوڈ تھی اور یہ 15.4 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا تاہم جاپانی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 6.1 میگنی ٹیوڈ تھی۔ زلزلے کا مرکز شمالی علاقے میں 13 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ تاحال زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری نہیں کی گئی ہے۔

جاپانی وزیرِ اعظم شینزو ایبے کا کہنا ہے کہ حکومت کی پہلی ترجیح شہریوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی ہے ، فی الحال نقصان کا تخمینہ لگایا جارہا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ان کے اسٹاف کو پہلے ہی ہدایات جاری کی جاچکی ہیں کہ شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے ، نقصان کا درست تخمینہ لگایا جائے اور عوام کو بروقت درست اطلاعات فراہم کی جائیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری