پی ٹی آئی نے چوہدری نثار سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے امکان کو رد کردیا


پی ٹی آئی نے چوہدری نثار سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے امکان کو رد کردیا

پاکستان تحریک انصاف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنما اور سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار سے انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے امکان کو رد کردیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے پہلے ہی پارٹی کےسینئر نائب صدر غلام سرور خان کو چار میں سے تین نشستوں پر چوہدری نثار کے خلاف باضابطہ امیدوار نامزد کر دیا ہے۔

فواد چوہدری نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری نثار نہ تو تحریک انصاف کا حصہ ہیں اور نہ ہی ان سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوئی ہے جبکہ وہ پہلے ہی آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کرچکے ہیں۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان ماضی میں کئی مرتبہ چوہدری نثار کو پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت دے چکے ہیں لیکن انھوں نے عمران خان کی پیش کش کو نہ تو قبول کیا اور نہ ہی کوئی جواب دیا۔

اس حوالے سے غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ انھیں عمران خان نے کہا کہ وہ صرف اس صورت میں دستبردار ہوں جب چوہدری نثار پی ٹی آئی کے ٹکٹ کے لیے درخواست دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے پی ٹی آئی کے سربراہ کو کہا تھا کہ وہ چوہدری نثار کے خلاف تمام حلقوں میں کاغذات نامزدگی جمع کرادیں گے۔

غلام سرور خان نے 2013 کے انتخابات میں چوہدری نثار کو ٹیکسلا کی نشست سے شکست دی تھی اور اب ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی 25 جولائی کے انتخابات میں چوہدری نثار کے خلاف کلین سوئپ کرے گی۔

سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار نے دو قومی اور دو صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے آزاد حیثیت میں کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری