چوہدری نثار کو نواز شریف کی 34 سالہ دوستی راس نہ آئی


چوہدری نثار کو نواز شریف کی 34 سالہ دوستی راس نہ آئی

سابق وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ نوازشریف اور ان کی بیٹی کاکردار قوم کے سامنے لاناچاہتا ہوں لیکن کلثوم نواز کی صحت کے باعث راز نہیں کھولوں گا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق سابق وزیر داخلہ چودھری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ34سال میں ن لیگ کی ایک ایک اینٹ میں نے رکھی ہے، نوازشریف ہم سے زیادہ اہل اور سیاسی نہیں تھے، جلسہ سے دیکھ کر مخالفین پر خوف طاری ہو گیا۔

یہ بات مسلم لیگ ن سے منحرف ہونے والے مرکزی رہنما نے چکری میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ مخالفین کو علم ہوناچاہئے کہ چوہدری نثار اکیلا نہیں ہے، جس کےساتھ اللہ ہو وہ اکیلا نہیں ہوسکتا۔

میری ایک کال پر یہ عوام اکھٹی ہوگئی ہے، آج سے الیکشن مہم کا آغازکر دیا ہے، اس جلسے کے لئے میں نے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا، حلقے کے عوام نے میرا دل خوش کردیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جو کچھ میں نےسہا ہے اور برداشت کیا ہے وہ قوم کے سامنے لانا چاہتا ہوں، مریم نواز سے کیا اختلافات تھے یہ بھی قوم کو بتانا چاہتاہوں مگر بیگم کلثوم نواز کی بیماری رکاوٹ بن گئی ہے پھر کبھی بتاؤں گا، جب میں بولناشروع کروں گا پوری قوم کو اصلیت سمجھ آجائے گی۔

چونتیس سال نواز شریف کا بوجھ اٹھایا، وہ ہم سے زیادہ اہل اور سیاسی نہیں تھے، نواز شریف میرا مقروض ہے مجھ پر ان کا کوئی قرض نہیں۔

عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چودھری نثار نے کہا کہ حلقے کے لوگ مجھے34سال سے منتخب کرتے آئے ہیں، ہمارا ووٹر اور امیدوار کارشتہ نہیں، مٹی کا رشتہ ہے، میں نے ان 34سالوں میں کوئی بھی غیر قانونی کام نہیں کیا اور نہ ہی کوئی سیاسی یا کوئی مل لگا کر مالی فائدہ اٹھایا۔ میرےحلقے کا کوئی بھی کونہ چھان مارو میری خدمت کےنشانات نظرآئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے کوئی کہتا ہے کہ آپ چپ ہوجاؤ مت بولو، میں نہ ضمیر فروش اور نہ بکاؤ مال ہوں، میرے حلقہ 25جولائی کو جواب دےگا، میں نے کسی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی اورنہ اتحاد کیا، علاقے کے لوگوں پریشان نہ ہو میں کوئی باعزت راستہ نکالوں گا، کبھی ایسی سیاست نہیں کروں گا کہ حلقےکے لوگ کہیں کہ دو نمبر آدمی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری