صوبہ بلوچستان میں دو دنوں کے دوران لیویز اہلکار سمیت 6 شہری جاں بحق


صوبہ بلوچستان میں دو دنوں کے دوران لیویز اہلکار سمیت 6 شہری جاں بحق

بلوچستان کے مختلف حصوں میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران لیویز اہلکار سمیت 6 شہری جاں بحق ہو گئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پولیس نے گزشتہ روز تبایا کہ کوئٹہ کے نواح میں لیویز اہلکار اور دو شہریوں کو کیلی بنگولزئی کے مقام پر شہید کیا گیا۔

مقتول عید کی نماز ادا کرنے کے بعد اپنے گھر واپس جارہے تھے کہ موٹرسائیکل پر سوار نامعلوم افراد نے حملہ کردیا۔

سینئر پولیس افسران کے مطابق ‘تینوں افراد کو متعدد گولیاں لگی جو موقعے پر ہی دم توڑ گئے’۔

پولیس اور فرینٹئرکور کے اہلکار جائے واقعہ پر پہنچ گئے اور لاشوں کو سول ہسپتال منتقل کردیا۔

لیویز اہلکار کی شناخت انور جان جبکہ دیگر 2 شہری نجیب اللہ اور حبیب اللہ کے نام سے ہوئی، دونوں سگے بھائی تھے۔

نمازجنازہ کے بعد لاشوں کو سبی منتقل کردیا گیا۔

لیویز اہلکار کی نماز جنازہ میں نگراں وزیرداخلہ عنایت اللہ کاسی، کوئٹہ کمشنر جواید انور، سیکریٹری داخلہ غلام علی بلوچ، کوئٹہ ڈپٹی کمشنر فرخ عتیق اور دیگر سیکیورٹی حکام نے شرکت کی۔

دوسری جانب کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے سوشل میڈیا پر لیویز اہلکار پر حملے کی ذمہ داری قبول کی۔

دیگر واقعات میں مستونگ کے علاقے خودکوچا میں ایک شخص کو قتل کردیا گیا، مقتول دکان کے باہر بیٹھا تھا کہ نامعلوم مسلح افراد نے نشانہ بنایا۔

مقتول کی شناخت حضرخان کے نام سے ہوئی، لیویز حکام نے قتل کے محرکات کو ذاتی دشمنی قرار دیا۔

ایک اور قاتلانہ حملے میں گل محمد کو آوارن بازار میں جبکہ ملانورالحق نامی شخص کو قلعہ سیف اللہ میں کو قتل کردیا گیا

اس کے علاوہ ضلع خضدار کے علاقے گریشا میں احمد جان کو جان سے ماردیا گیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری