نیشنل ہیلتھ انشورنس اسکیم میں نیوروسرجیکل آپریشن بھی شامل


نیشنل ہیلتھ انشورنس اسکیم میں نیوروسرجیکل آپریشن بھی شامل

پی ایم این ایچ پی کے ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ رقم میں 20 فیصد اضافہ کردیا، دوسرے مرحلے کو فعال بنانے کیلئے 4 انشورنس کمپنیوں کو شارٹ لسٹ کرلیا گیا، ڈاکٹر فیصل

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق حکومت نے وزیراعظم نیشنل ہیلتھ پروگرام (پی ایم این ایچ پی) کے دوسرے مرحلے میں 4 انشورنس کمپنیوں کو شارٹ لسٹ کرلیا۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ مستحق خاندان کے لیے رقم میں بھی 20 فیصد اضافہ کردیا گیا جبکہ انشورنس میں پہلی بار عصبی جراحی (نیوروسرجیکل آپریشن) بھی شامل ہے۔

واضح ہے کہ 31 دسمبر 2015 کو سابق وزیراعظم نواز شریف نے اسلام آباد کے مکینیوں کے لیے پروگرام متعارف کرایا جسے انہوں نے فلاحی ریاست کی جانب پہلا قدم قرار دیا تھا۔

تاحال مذکورہ منصوبہ ملک کے 36 اضلاع میں فعال ہے جبکہ 30 لاکھ مستحق خاندان استفادہ حاصل کررہے ہیں۔

پی ایم این ایچ پی کے تحت متاثرہ شخص کے ہسپتال میں داخل ہوتے ہی مستحق خاندان کو 50 ہزار روپے ملتے ہیں، منصوبے میں زچگی کیسز کے اخراجات بھی شامل ہیں۔

علاوہ ازیں کینسر، حادثہ، جھلس جانا، شوگر، عارضہ قلب اور انفکیشن جیسے امراض کی صورت میں متاثرہ شخص کو 2 لاکھ 50 ہزار روپے تک دیے جا سکتے ہیں۔

پی ایم این ایچ پی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فیصل رفیق نے ڈان کو بتایا کہ منصوبے کا پہلا حصہ اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان سے انشورڈ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ‘رواں سال منصوبہ اختتام پذیر ہو گا جس کے بعد دوبارہ انشورنس کمپنیوں کی خدمات کے لیے ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اس سے قبل 9 کمپنیوں نے منصوبے میں انشورنس کی خدمات پیش کرنے کے لیے درخواستیں ارسال کیں جس میں سے 3 کو شارٹ لسٹ کیا گیا اور اسٹیٹ لائف کو حتمی طور پر انشورنس کے حقوق تفویض کردیئے گئے جبکہ منصوبے کو پہلے مرحلے میں ملک کے 41 اضلاع میں متعارف کیا گیا’۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند مہینے قبل قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ای سی این ای سی) نے منصوبہ کے دوسرے مرحلے کی 5 سالہ توسیع کا فیصلہ کیا جسے ملک کے 138 اضلاع میں پیش متعارف کیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں فراہم کی جانے والی رقم میں 20 فیصد اضافہ کرکے 3 لاکھ 60 ہزار کردی گئی جبکہ پہلی مرتبہ برین ہمیرج سمیت دیگر نیوروسرجیکل آپریشن کو بھی منصوبے میں شامل کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے انہوں نے مزید بتایا کہ پروگرام کو رواں دیگر 4 اضلاع ملتان، مظفرآباد، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں متعارف کرادیا جائےگا۔

ان کا کہنا تھا کہ‘مذکورہ اضلاع سے 2 لاکھ 50 خاندان نے رجسٹریشن کرائی ہے’۔

ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ مجموعی طور پر 10 نجی سمیت 175 ہسپتال رجسٹرڈ کیے گئے جہاں مریض کو 93 فیصد تسلی بخش طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری