سیاسی مداخلت؛ عمران خان کا شفاف انتخابات کی خاطر گورنر خیبر پختونخوا کی برطرفی کا مطالبہ


سیاسی مداخلت؛ عمران خان کا شفاف انتخابات کی خاطر گورنر خیبر پختونخوا کی برطرفی کا مطالبہ

چیئرمین تحریک انصاف نے گورنر خیبر پختونخوا کی جانب سے سیاسی مداخلت کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہیں عہدے سے ہٹایا نہ گیا تو شفاف انتخابات پرسوالات اٹھ سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے نگراں وزیر اعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ شفاف انتخابات کروانا نگراں حکومت کی ذمہ داری ہے، جس کیلئے میں تین اہم مسائل کی طرف توجہ دلانا چاہتا ہوں۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ گورنرخیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا کو عہدے سے ہٹایا نہ گیا تو شفاف انتخابات پرسوالات اٹھ سکتے ہیں کیونکہ گورنرخیبر پختونخوا کی بعض حصوں میں سیاسی مداخلت تشویشناک امر ہے۔

مداخلت ان حصوں میں کی جا رہی ہے جو پہلے فاٹا کا حصہ رہ چکے ہیں، گورنر کی سیاسی سرگرمیوں سے انتخابات کی شفافیت مشکوک ہوجائے گی، لہٰذا ہمارا مطالبہ ہے کہ گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑاکو عہدے سے برطرف کیا جائے۔

عمران خان کا خط میں مزید کہنا ہے کہ دوسرا اہم مسئلہ وفاقی حکومت میں بیوروکریسی میں تعیناتیوں کا ہے، وفاق میں بیوروکریسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، اس بیوروکریسی میں ن لیگ کے تعینات کیے گئے لوگ موجود ہیں، ن لیگ کی جانب سے تعینات کی گئی بیوروکریسی سے شفاف انتخابات کے انعقاد کوخطرہ ہے۔

اے آر وائی نے لکھا ہے کہ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب اور سندھ میں بھی ضلعی انتظامیہ میں سیاسی تقرریاں کی گئیں ہیں، پی پی، اور ن لیگ نے اپنے لوگوں کو سیاسی طور پر بھرتی کر رکھا ہے، عام انتخابات میں دوسری جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم نہیں کئے جارہے۔

عمران خان نے کہا کہ نگراں حکومت انتہائی سست روی سے آگے بڑھ رہی ہے، انتخابات میں شک کی کوئی گنجائش نہیں دیکھنا چاہتے، شفاف انتخابات کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کوفوری دور کیا جائے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری