ن لیگ کا ایک اور اہم رہنما بغاوت پر مجبور؛ پارٹی چھوڑ کر آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا


ن لیگ کا ایک اور اہم رہنما بغاوت پر مجبور؛ پارٹی چھوڑ کر آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا

مسلم لیگ ن کے ناراض رہنما زعیم قادری نے ن لیگ سے بغاوت کرتے ہوئے حمزہ شہباز کو مخاطب کرکے کہا کہ "لاہور تمہارے باپ کی جاگیر نہیں اور نہ ہی میں آپ کے جوتے پالش کرسکتا اور یہ بھی سن لیں کہ جان دے سکتا ہوں مگر تمھاری عزت نہیں کرسکتا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق مسلم لیگ ن کے ناراض رہنما زعیم قادری نے ن لیگ سے بغاوت کرتے ہوئے آزاد حیثیت میں الیکشن میں لڑنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق زعیم قادری کو این اے 133 کے لیے پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر وہ پارٹی سے ناراض ہوگئے، لیگی رہنماؤں سعد رفیق اور رانا مشہود نے ان سے ملاقات کرکے منانے کی کوشش بھی کی۔

لیگی رہنماؤں کی زعیم قادری کو منانے کی کوشش ناکام ہونے پر ناراض رہنما نے پریس کانفرنس میں اپنا مؤقف واضح کرتے ہوئے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔ ناراض رہنما نے کہا کہ مجھے شہباز شریف نے فون کر کے کہا پارٹی کے کچھ لوگوں کو تمہاری شکل پسند نہیں، مجھے پارٹی عہدے سے اس لیے ہٹایا گیا کیوں کہ میری شکل پسند نہیں تھی۔

انھوں نے  واشگاف لہجے میں کہا کہ میں حمزہ شہباز کے بوٹ پالش نہیں کرسکتا، حمزہ شہباز سن لو، لاہور تمھارے باپ کی جاگیر نہیں ہے، جان دے سکتا ہوں مگر تمھاری عزت نہیں کرسکتا۔

زعیم قادری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ میرے خون میں ہے، پانچ سال جیل کاٹی، آٹھ سال میاں نوازشریف کا ترجمان رہا، کہا 12 اکتوبر 1999 کو ن لیگ میں شامل ہوا، 2002 میں میری جگہ کچھ اور لوگوں کو آگے کردیا گیا، ایسے لوگوں کو وزیر بنایا گیا جو پارٹی میں بھی نہیں تھے۔

زعیم قادری نے کہا کہ ایسی صورت حال میں مجھے اور دوستوں کو فیصلہ کرنا ہے، میں نوکری نہیں کروں گا، میرا الیکشن حمزہ شہباز کے ساتھ ہے۔ کہا میں بھڑکیں نہیں مارتا، این اے 133 کا حلقہ جیت کر دکھاؤں گا، کہا اب الیکشن اور جنگ دونوں ایک ساتھ لڑوں گا۔

دریں اثنا ناراض رہنما زعیم قادری کی پریس کانفرنس کے دوران کارکنوں نے ’گرتی ہوئی دیوار کو ایک دھکا اور دو‘ کے نعرے لگائے۔ انھوں نے کہا سعد رفیق بڑے بھائی ہیں ہم نے اکٹھے مار کھائی ہے، اپنی عزت اور تکریم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔

زعیم قادری نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اہلیہ بھی ن لیگ سے مخصوص نشست پر الیکشن نہیں لڑیں گی، کہا پنجاب میں بہت سے دوستوں اور نظریاتی کارکنوں نے رابطہ کیا ہے۔

ناراض رہنما نے کہا کہ نواز شریف سے شکوہ ہے، دس سال سے انھوں نے مجھے نہیں پوچھا، ان کے آس پاس شاطر لوگ جمع ہوگئے ہیں، اپنی بات پہنچانے کی کوشش کی لیکن بات نہیں بنی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری