بھارت نے امریکہ کے درآمدی مصنوعات پر اضافی ٹیکس عائد کردیا


بھارت نے امریکہ کے درآمدی مصنوعات پر اضافی ٹیکس عائد کردیا

امریکا کی جانب سے دھاتوں کی درآمدی پر اضافی محصولات کے ردعمل میں بھارت نے بھی امریکی مصنوعات پر اضافی ٹیکس عائد کردیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق گذشتہ دنوں امریکا کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا تھا کہ وہ اپنے ملک میں درآمد کیے جانے والے اسٹیل اور ایلومینیم پر اضافی محصولات عائد کرے گا بعد ازاں اس کا عملی مظاہرہ بھی ہوا اور یورپی یونین سمیت مختلف ممالک کی جانب سے امریکا پر تنقید بھی کی گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ بھارت نے امریکا سے درآمد کی جانے والی کئی مصنوعات پر ٹیکسوں میں اضافہ کر دیا ہے، اضافی محصولات عائد کی جانے والی مصنوعات کی تعداد انتیس ہے۔

بھارت کی جانب سے یہ اقدامات ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اسٹیل اور ایلومینیم کی درآمد پر بالترتیب دس اور پچیس فیصد محصولات عائد کیے جانے کے ردِ عمل میں کیے گئے ہیں۔

بھارتی وزارت خزانہ کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق انتیس امریکی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد کیے گئے ہیں، ان میں سے کچھ پر اضافی ٹیکس فوری طور پر لاگو ہوں گے، جب کہ دیگر پر اضافی محصولات کا نفاذ چار اگست سے ہوگا۔

قبل ازیں یورپی یونین نے بھی گذشتہ روز امریکا کی درآمدی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کا اطلاق یورپی ممالک میں آج سے ہوا ہے۔

خیال رہے کہ یورپی یونین کی تجارتی امور کی خاتون کمشنر سیسیلیا مالسٹروم کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کے تحت امریکی مصنوعات کےدرآمد پر دو عشاریہ آٹھ ارب یورو مالیت کے اضافی ٹیکس عائد کیے جائیں گے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری