ایران افغانستان میں قیام امن کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا، غلام علی خوشرو


ایران افغانستان میں قیام امن کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا، غلام علی خوشرو

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب کا کہنا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران افغانستان میں قیام امن کے لئے ہر کوشش اور منصوبے کی حمایت جاری رکھے گا۔

تسنیم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرو نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران افغانستان میں قیام امن کے لئے ہرممکن تعاون کو جاری رکھے گا۔

ایرانی مندوب نے کہا کہ ایران ایک پڑوسی ملک کی حیثیت سے افغانستان میں سیکورٹی اور امن کی برقراری کی حمایت کرتا ہے اور یہ بھی حقیقت ہے کہ سیکورٹی کا قیام ملکی ترقی سے مربوط ہے-

غلام علی خوشرو نے کہا کہ ایران طالبان اور افغان حکومت کے درمیان عارضی فائربندی کا خیرمقدم کرتا ہے۔

ایرانی مندوب نے افغانستان اور پاکستان کے تعلقات میں بہتری کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ تہران دو ہمسایہ ملکوں کے تعلقات میں بہتری کو خوش آئند قرار دیتا ہے-

انہوں نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کو نہ صرف افغانستان بلکہ پورے خطے اور عالمی سیکورٹی کے لئے خطرہ قراردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف اقدامات سبھی ملکوں کی پہلی ترجیح ہونی چاہئے اور اسی صورت میں افغانستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ اور علاقائی اور عالمی سطح پر امن و سلامتی کو تقویت ملے گی-
اقوام متحدہ میں ایران کے مندوب نے کہا کہ افغانستان کے اندر بدامنی کے ذرائع خاص طور پر منشیات کی پیداوار کو روکنے کے لئے ضروری اقدامات کی اشد ضرورت ہے تاکہ دہشت گردوں کی حوصلہ شکنی ہوسکے۔
ایرانی مندوب غلام علی خوشرو نے کہا کہ ہم افغان عوام کو اطمینان دلاتے ہیں کہ ان کے ملک میں امن و امان  کے قیام اور داخلی مشکلات کے خاتمے کے لئے ہرممکن تعاون جائے گا۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری