کشمیری دنیا بھرمیں آج یوم شہدائےکشمیرمنارہے ہیں


کشمیری دنیا بھرمیں آج یوم شہدائےکشمیرمنارہے ہیں

کشمیرکی آزادی کی خاطرجانوں کا نذرانہ دینے والوں کی یاد میں آج یوم شہدا کشمیرمنایا جا رہا ہے، مقبوضہ کشمیرکے مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم شہدائے کشمیر عقیدت واحترام اور اس عزم کی تجدید کے ساتھ منا رہے ہیں کہ تحریک آزادی کشمیر کی تکمیل تک جدوجہد جاری ر کھی جائے گی۔

کشمیر کی سیاسی تاریخ میں 13 جولائی 1931 کا دن بڑی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے۔ یہی وہ دن تھا جب شہیدوں کے خون سے تحریک حریت کشمیر کا باقاعدہ آغاز ہوا تھا۔

تیرہ جولائی انیس سواکتیس کو کشمیر کی ڈوگرہ حکومت نے سری نگر میں فائرنگ کرکے بائیس مظلوم کشمیری مسلمانوں کو شہید کردیا تھا، یہ مظلوم کشمیری سری نگر کی جیل کے باہر جمع تھے جہاں قید کشمیری قوم کے مرد مجاہد عبدالقدیر خان کو مقدمے کی سماعت کے لیےعدالت لے جانا تھا۔

اس دوران نماز ظہر کا وقت آگیا مگر مظاہرین کو نماز ادا کرنے کی اجازت نہ ملی، ایسے میں ایک شخص اذان دینے کے لیے کھڑا ہوگیا مگر ڈوگرہ مہاراجہ کے سپاہی نے اس شخص کو گولی مار کے شہید کر دیا۔

اس کے بعد دوسرا مرد مجاہد اذان کے لیے کھڑا ہوا، اسے بھی گولی مار کر شہید کردیا گیا، پھر تیسرا، چوتھا اور کرتے کرتے بائیس بے گناہ مسلمانوں کو مہاراجہ کے سپاہیوں نے شہید کر دیا اور بے شمار مسلمانوں کو گرفتار کیا گیا۔

اس سفاکانہ واقعہ نے کشمیریوں کے دلوں میں حریت پسندی کے جذبے کو جنم دے دیا، قیامِ پاکستان کے بعد بھارت نے کشمیر کے ایک بڑے حصے پر جبراََ قبضہ کرکے معاہدوں اور دستاویزات کی دھجیاں اڑا دیں اور کشمیر کی عوام کو ظلم و ستم کے شعلوں میں دھکیل دیا۔

بھارتی مظالم کے نتیجے میں گزشتہ 70 سالوں میں ہزاروں کشمیری شہید، مائیں اور بہنیں بے سہارا اور بچے یتیم ہوچکے ہیں مگر ہندو بنیا ٹس سے مس نہیں ہوا اور اپنے وعدے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیری قوم کو حق خودارادیت دینے سے گریزاں ہے۔

خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری