اسحٰق ڈار کو وطن واپس لانے کیلئے بھی ریڈ وارنٹ جاری


اسحٰق ڈار کو وطن واپس لانے کیلئے بھی ریڈ وارنٹ جاری

وفاقی تحقیقاتی ادارے نے سابق وفاقی وزیر خزانہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحٰق ڈار کی بیرون ملک گرفتاری کے لیے ریڈ وارنٹ جاری کردیئے جس کے بعد انہیں انٹرپول کے ذریعے وطن واپس لایا جائے گا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق 9 جولائی کو چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے چیئرمین پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کی تعیناتی سے متعلق کیس کی سماعت میں سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کو مزید 3 روز کی مہلت دیتے ہوئے جمعرات (12 جولائی) کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا تھا۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیے تھے کہ "اسحٰق ڈار عدالت کے بلانے پر نہیں آئے، سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار عدالت کی بے توقیری کررہے ہیں اور وہ نوٹس گھر کے باہر چسپاں کرنے کے باوجود پیش نہیں ہو ئے۔"

خیال رہے کہ اسحٰق ڈار پاناما پیپرز لیکس سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے چند ماہ بعد ہی علاج کی غرض سے لندن روانہ ہو گئے تھے جس کے بعد وطن واپس نہیں آئے۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ ایف آئی اے نے وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد ریڈ وارنٹ جاری کردیئے۔

وزارت داخلہ کے مطابق سابق وزیر خزانہ کے ریڈ وارنٹ انٹر پول کو ارسال کیے جا چکے ہیں جبکہ اس حوالے سے وزارت داخلہ کی جانب سے عدالت عظمیٰ میں جواب جمع کرادیا گیا۔

اسحٰق ڈار نیب ریفرنس میں بھی اشتہاری

اس سے قبل سپریم کورٹ نے 28 جولائی 2017 کو پاناما پیپرز کیس میں اپنا حتمی فیصلہ سناتے ہوئے نیب کو اسحٰق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کے حوالے سے ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔

جس کے بعد الیکشن کمیشن نے 29 جولائی کو سپریم کورٹ کے احکامات کے پیش نظر اسحٰق ڈار کی سینیٹ کی رکنیت معطلی کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔

سپریم کورٹ کے پاناما پیپرز لیکس کیس کے فیصلے کی روشنی میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے اسحٰق ڈار کے خلاف 20 اگست 2017 سے تحقیقات کا آغاز کیا، جس میں حکام نے ان کی آمدن میں اضافے کے علاوہ فلیگ شپ انویسٹمنٹ، ہارٹ سٹون پراپرٹیز، کیو ہولڈنگز، کیونٹ ایٹن پلیس، کیونٹ سولین لمیٹڈ، کیونٹ لمیٹڈ، فلیگ شپ سیکیورٹیز لمیٹڈ، کومبر انکارپوریشن اور کیپیٹل ایف زیڈ ای سمیت 16 اثاثہ جات کی تفتیش کی تھی۔

اسحٰق ڈار کے خلاف دائر ریفرنس میں دفعہ 14 سی لگائی گئی، یہ دفعہ آمدن سے زائد اثاثے رکھنے سے متعلق ہے، جس کی تصدیق ہونے کے بعد 14 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے آمدنی سے زائد اثاثے رکھنے کے الزام میں دائر نیب ریفرنس کے سلسلے میں سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار پر فردِ جرم عائد کی لیکن انہوں صحت جرم سے انکار کردیا تھا۔

دوسری جانب سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے 22 ستمبر 2017 کو اسحٰق ڈار سے وزارت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں ملک کو مزید بدنام کرنے سے قبل اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت نے 21 نومبر 2017 کو نیب کی جانب سے دائر آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں اسحٰق ڈار کو مفرور قرار دیا تھا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری