پاکستان کا ایران کے ساتھ دفاعی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ


پاکستان کا ایران کے ساتھ دفاعی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ

صدر ممنون حسین نے ایرانی مسلح افواج کے سربراہ سے ملاقات میں کہا ہے کہ پاکستان اور ایران سرحد کے آر پار چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے اور دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعاون کو مضبوط بنایا جائے گا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان کے صدر ممنون حسین نے یہ بات ایران کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل محمد حسین باقری سے باتیں کرتے ہوئے کہی جنہوں نے اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔صدر نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ عقیدے، ثقافت اور تاریح پر مبنی قریبی، خوشگوار اور دوستانہ تعلقات ہیں۔انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ منصوبے کا مقصد خطے کے مختلف ملکوں کے درمیان رابطوں کو فروغ دینا ہے اور اس منصوبے سے پورے خطے کو فائدہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے دونوں ملک افغانستان میں امن و استحکام کے لئے پرعزم ہیںکیونکہ مستحکم افغانستان خطے کے بہترین مفاد میں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان افغان حکومت کی سرپرستی میں امن اور مصالحتی عمل کی حمایت کرتا ہے۔

ایران کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل محمد باقری نے بھی وزیر خارجہ عبداللہ حسین ہارون سے ملاقات کی۔ایران کے چیف آف جنرل سٹاف کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ گذشتہ چند برس کے مختلف سطحوں پر وفود کے باقاعدگی سے تبادلوں کی وجہ سے دوطرفہ تعلقات مضبوط ہوئے ہیں۔انہوں نے مسئلہ کشمیر پر ایرانی قیادت کی مضبوط اور مسلسل حمایت کو سراہا۔

جنرل باقری نے یقین ظاہر کیا کہ پاکستان میں آنے والے انتخابات سے مضبوط قیادت کے تحت ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری