جیپ پر ایسے ٹھپے لگاؤ کہ ن لیگ کی سیاست ہی ختم ہوجائے، چوہدری نثار


جیپ پر ایسے ٹھپے لگاؤ کہ ن لیگ کی سیاست ہی ختم ہوجائے، چوہدری نثار

پاکستان کے سابق وفاقی وزیر داخلہ نے بے وفائی کرنے والوں کو سبق سکھانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ میرے سیاسی ٹکڑوں پر پلنے والوں کا انتخابی نشان شیر نہیں بلی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ جنہوں نے بے وفائی کی انہیں سبق سکھانا ضروری ہے، میرے سیاسی ٹکڑوں پر پلنے والوں کا انتخابی نشان شیر نہیں بلی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیکسلا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ پچیس جولائی کو کسی اور کی بارات میں بینڈ باجا مت بجانا، اصل بارات ٹیکسلا سے ہی نکلے گی۔

انہوں نے کہا کہ بے وفائی کرنے والوں کو سبق سکھائیں گے، ٹیکسلا کی عوام اپنا فیصلہ 25 جولائی کو سنائیں گے، واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔

چوہدری نثار کا مزید کہنا تھا کہ پچیس جولائی کو شیر بھی ڈھیر ہوجائے گا، جیپ پر ایسے ٹھپے لگاؤ کہ ن لیگ کی سیاست ہی ختم ہوجائے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز سابق وفاقی وزیر داخلہ نے فتح جنگ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف پر مشکل ان کی اپنی غلطیوں کی وجہ سے آئی ہے، ان کو کہا بھی تھا کہ میاں صاحب دشمنیاں نہ بڑھائیں، عدلیہ کی تضحیک نہ کریں۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ پاکستان کا نہایت اہم الیکشن ایک ہفتے بعد ہونے والا ہے، اگلے 5 سال ملک کی باگ ڈور کس کے ہاتھ میں ہوگی یہ فیصلہ عوام نے کرنا ہے، یقین ہے آپ جیپ پر سوار ہوں گے اور اسے اوور لوڈ بھی کریں گے، 1985 سے الیکشن لڑ رہا ہوں اور جیت بھی رہا ہوں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری