پاک فوج نے کسی شہر کیلئے کوئی سیکیورٹی الرٹ جاری نہیں کیا، آئی ایس پی آر


پاک فوج نے کسی شہر کیلئے کوئی سیکیورٹی الرٹ جاری نہیں کیا، آئی ایس پی آر

پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انہوں نے کسی بھی شہر کے لیے کوئی بھی سیکیورٹی الرٹ جاری نہیں کیا، جبکہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔

تسنیم خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق انٹر سروس پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا جس میں سوشل میڈیا پر چلنے والے جعلی تھریٹ الرٹ کی تردید کردی گئی۔

آئی ایس پی آر کے پیغام کا کہنا تھا کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر سیکیورٹی الرٹ کے حوالے سے جھوٹی خبریں گردش کر رہی ہیں۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے وضاحت پیش کی گئی کہ اس طرح کا کوئی الرٹ کسی بھی شہر کے لیے ادارے کی جانب سے جاری نہیں کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے بیان میں کہا گیا کہ اس قسم کے پروپیگنڈے کا مطلب عوام میں تذبذب پیدا کرکے انہیں ہراساں کرنا ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ سیکیورٹی خطرات کے حوالے سے جعلی پیغامات شائع کیے جارہے ہیں، عوام اس قسم کے بیانات اور جعلی کالز پر توجہ نہ دیں اور ان پر نظر رکھیں۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا کہ جعلی بیانات سامنے آنے کی صورت میں ادارے کی ویب سائٹ https://www.ispr.gov.pk سے وضاحت کے لیے رابطہ کریں۔

واضح رہے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر جعلی پیغامات گردش کر رہے تھے جس میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان کے بڑے شہروں میں سیکیورٹی خطرات ہیں۔

مذکورہ پیغامات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ سے منسوب کرکے شیئر کیا جارہا تھا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری