عمران خان: اقتدار میں آئے تو خود کو احتساب کے لیے پیش کرونگا/ بھاشا ڈیم بھی تعمیر کرائیں گے


عمران خان: اقتدار میں آئے تو خود کو احتساب کے لیے پیش کرونگا/ بھاشا ڈیم بھی تعمیر کرائیں گے

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ نے اقتدار میں آنے کی صورت میں بھاشا ڈیم کی تعمیر کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے تمام وزراء اور رہنما احتساب کے لیے حاضر ہوں گے جس طرح کہ ماضی میں بھی 30 کرپٹ قانون سازوں کو رخصت کردیا گیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ 25 جولائی پاکستان کی تقدیر کے فیصلے کا دن ہے اور پی ٹی آئی کا انتخابی نشان ’بلا‘ مخالف سیاسی جماعتوں کو بدترین شکست دے گا جو کہ ہر مرتبہ اقتدار کے مزے لیتے تھے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ہاکی اسٹیڈیم میں اجلاس کے دوران عمران خان نے مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پر الزام عائد کیا کہ دونوں رہنماؤں نے ملک کو بحران سے دوچار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں رہنما ارب پتی بن گئے لیکن ملک میں غریب پسماندہ زندگی گزارنے پر مجبور ہے، پی ٹی آئی کے سربراہ نے الزام لگایا کہ دونوں نے ملک کو قرضے کی دلدل میں دھنسایا۔

عمران خان نے کہا کہ اگر ملک میں سے کرپشن ختم ہوجائے تو پاکستان صرف قرضہ اتار سکتا ہے، نواز شریف اور آصف علی زرداری نے نے اپنے اپنے دور اقتدار میں پاکستان کو بد ترین نقصان پہنچایا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ سندھ کے تقریباً 75 فیصد شہری خط غربت کی لکیرسے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں جبکہ معاشرے میں ان لوگوں کے انصاف کے تمام دروازے بند ہیں۔

عمران خان نے زور دیا کہ اگر اقتدار میں آئے تو ان کی پارٹی جنوبی پنجاب کو صوبے کا درجہ دینے کے لیے پرعزم ہے اور بھاشا ڈیم تعمیر کریں گے جس سے کسانوں کو زرعی اراضی کے لیے پانی میسر ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ کسانوں کو سابقہ حکومتوں نے نظر انداز کیا لیکن ہماری حکومت میں ان کے لیے خصوصی پیکج متعارف کرائیں جائیں گے، گنے کے کاشت کاروں کو بروقت ادائیگی ملے گی جبکہ ڈیفالٹر شوگر ملز پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر پارٹی حکومت میں آئی تو وزیر اور رہنما احتساب کے لیے حاضر ہوں گے ، ماضی میں بھی 30 کرپٹ قانون سازوں کو رخصت کردیا گیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ قومی احتساب بیورو (نیب)، فیڈرل بیورو آف ریونیو (ایف بی آر) سمیت دیگر قومی اداروں کو استحکام بخشا جائے گا، پنجاب پولیس کو سیاسی اثرورسوخ سے پاک کیا جائے۔

عمران خان نے کہا کہ 25 جولائی کو ووٹ ڈالتے وقت پاکستان کے مستقبل کے بارے میں ضروری سوچیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری