ڈی آئی خان میں تحریک انصاف کا انتخابی امیدوار دہشت گرد حملے میں جاں بحق


ڈی آئی خان میں تحریک انصاف کا انتخابی امیدوار دہشت گرد حملے میں جاں بحق

تحصیل کلاچی میں خود کش حملے کے نتیجے میں تحریک انصاف کے امیدوار اور سابق وزیر اکرام اللہ گنڈاپور سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں خود کش حملے کے نتیجے میں تحریک انصاف کے امیدوار اکرام خان گنڈاپور سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق پی ٹی آئی امیدوار اکرام خان گنڈاپور انتخابی مہم کے لیے جیسے ہی گھر سے نکل کر گاڑی میں بیٹھنے لگے کہ ایک خودکش بمبار نے ان کے قریب آکر خود کو دھماکے سے اڑالیا جس کے نتیجے میں اکرام اللہ گنڈا پور، سابق ناظم یو سی درابن نجیب شاہ، ڈرائیور رمضان سمیت 6 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اکرام اللہ گنڈا پور اور ان کا ڈرائیور رمضان جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکہ خودکش تھا اور حملہ آور کے اعضا قبضے میں لے لیے ہیں جب کہ سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لیکر  مزید شواہد اکھٹے کرنے کا کام شروع کردیا ہے۔ اکرام خان گنڈاپور پی کے 99 سے پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں جب کہ وہ پی ٹی آئی کی حکومت میں صوبائی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ ان کے بھائی اسرار اللہ گنڈا پور بھی خودکش حملے میں جاں بحق ہوچکے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اکتوبر 2013ء میں ڈی آئی خان کے علاقے کلاچی میں ہی خودکش حملہ ہوا تھا جس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور صوبائی وزیر قانون اسرار اللہ گنڈا پور سمیت 6 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوئے تھے۔

گزشتہ ہفتے مستونگ میں بلوچستان عوامی پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران خود کش حملے کے نتیجے میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی کے چھوٹے بھائی سراج رئیسانی سمیت 128 افراد جاں بحق جب کہ 150 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری