سیاسی رہنماؤں کو امن اور جمہوری عمل کے دشمن نشانہ بنا رہے ہیں، آرمی چیف


سیاسی رہنماؤں کو امن اور جمہوری عمل کے دشمن نشانہ بنا رہے ہیں، آرمی چیف

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا ڈیرہ اسماعیل خان خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سیاسی رہنماؤں کو امن اور جمہوری عمل کے دشمن نشانہ بنا رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اکرام اللہ گنڈا پور کی خودکش حملے میں ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم ایک اور محب وطن سیاسی رہنما سے محروم ہوگئے ہیں جب کہ سیاسی رہنماؤں کو امن اور جمہوری عمل کے دشمن نشانہ بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم پر عزم اور ثابت قدم ہیں، ہمارے شہداء کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔

دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر نے ڈیرہ اسماعیل خان میں خودکش حملے میں پی ٹی آئی امیدوار اکرام اللہ گنڈاپور پر حملے کی شدید مذمت کی۔

چیف الیکشن کمشنر نے نگراں وزیراعلیٰ، آئی جی اور چیف سیکرٹری کے پی کے سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ ہدایات کے باوجود سیکیورٹی کا مناسب انتظام کیوں نہیں کیا جاتا؟

چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام امیدواروں کو بلا امتیاز سیکیورٹی فراہم کی جائے اور انتخابات کے لیے ماحول پر امن اور سازگار بنایا جائے۔

یاد رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں ہونے والے خودکش حملے میں پی ٹی آئی کے امیدوار اکرام اللہ گنڈا پور جاں بحق ہوگئے جب کہ حملے میں 3 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اکرام اللہ گنڈا پور پختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 99 سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار تھے۔ 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری