حنیف عباسی کی نااہلی پر این اے 60 راولپنڈی میں انتخابات مؤخر


حنیف عباسی کی نااہلی پر این اے 60 راولپنڈی میں انتخابات مؤخر

الیکشن کمیشن نے عدالت سے سزا یافتہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حنیف عباسی کی نااہلی کے بعد این اے 60 راولپنڈی میں انتخابات مؤخر کردیئے۔

گزشتہ روز انسداد منشیات کی عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حنیف عباسی کو ایفیڈرین کیس میں عمر قید کی سزا سنائی تھی جس کے بعد انہیں کمرہ عدالت سے گرفتار کرتے ہوئے اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا تھا۔

قومی اسمبلی کی نشست این اے 60 راولپنڈی سے حنیف عباسی عوامی مسلم لیگ  کے سربراہ شیخ رشید کے مدمقابل تھے جن کی نااہلی کے بعد الیکشن کمیشن نے اس نشست پر انتخابات مؤخر کردیئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں دوبارہ الیکشن کے شیڈول کااعلان بعد میں کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ایک امیدوار کے الیکشن سے باہر ہونے پر تمام جماعتوں کو یکساں مواقع نہیں مل رہے۔

یاد رہے کہ نئی حلقہ بندیوں سے قبل یہ نشست این اے 56 راولپنڈی سیون تھی جس پر گزشتہ انتخابات میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کامیابی حاصل کی تھی۔ 

اسی نشست پر حنیف عباسی 2008 کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) اور 2002 کے ضمنی انتخابات میں متحدہ مجلس عمل کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے تھے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری