وزارت خارجہ کے بعد ایرانی سفیر کی بھی عمران خان کو کامیابی پر مبارک باد


وزارت خارجہ کے بعد ایرانی سفیر کی بھی عمران خان کو کامیابی پر مبارک باد

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے بعد پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر نے بھی پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کو انتخابات 2018ء میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے پیر کے روز اپنے تہنیتی پیغام میں سنیئر پاکستانی سیاستدان عمران خان اور ان کی جماعت کو حالیہ پارلیمانی انتخابات میں برتری حاصل کرنے پر مبارکباد دے دی.ایرانی سفیر کے تہنیتی پیغام میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی عوام نے بڑی تعداد میں انتخابات میں شرکت کرکے اپنے ملک میں جمہوریت کو مزید مضبوط کیا اور پاکستان کو مزید خوشحال اور مستحکم کرنے کے لئے اپنے مستقبل کے لئے ووٹ ڈالے۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت برادر اور دوست ملک پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ تعلقات کو مزید بڑھانے کے لئے پوری طرح آمادہ ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی مسقبل قریب میں ایران اور پاکستان کے درمیان تمام شعبوں میں مشترکہ تعاون میں مزید فروغ آئے گا۔

مہدی ہنردوست نے اپنے بیان میں عمران خان کی سلامتی، تحریک انصاف کی کامیابی بالخصوص پاکستانی قوم کی سربلندی اور ترقی کے لئے دعا بھی کی۔

اس سے پہلے ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے پاکستان میں حالیہ انتخابات کے کامیاب انعقاد اور عوام کی بھرپور شرکت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا تھا کہ دونوں دوست ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں پچیس جولائی کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے سرکاری نتائج کے مطابق عمران خان کی جماعت تحریک انصاف کو دیگر جماعتوں پر واضح برتری حاصل ہے۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری