قومی انتظامی کمیٹی دہشتگردوں کی مالی معاونت کے خاتمے کیلئے پرعزم


قومی انتظامی کمیٹی دہشتگردوں کی مالی معاونت کے خاتمے کیلئے پرعزم

پاکستان کی قومی انتظامی کمیٹی نے پاکستان کے اس عزم کااعادہ کیاہے کہ دہشت گردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ کے خاتمے کیلئے متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط تعاون اورفوری کارروائی یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدام کئے جائیں گے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق انتظامی کمیٹی کااجلاس نگران وزیرخزانہ ڈاکٹرشمشاد اختر کی سربراہی میں اسلام آباد میں ہوا۔

اجلاس میں FATF ایکشن پلان پرعملدرآمد کیلئے ادارہ جاتی لائحہ عمل اورتعاون مضبوط بنانے میں اب تک کی پیشرفت کاجائزہ لیاگیا۔

مختلف متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس کے شرکاء کو اپنے اپنے دائرہ کار میں ہونیوالی پیشرفت سے آگاہ کیا۔

اجلاس کے شرکاء کے درمیان اس بات پراتفاق رائے پایاگیا کہ تمام ادارے FATF ایکشن پلان پرہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کیلئے باہمی تعاون اور رابطوں کو مضبوط بنائیں گے تاکہ دہشت گردوں کی مالی معاونت اورمنی لانڈرنگ کی روک تھام کے لائحہ عمل پرموثر عملدرآمد یقینی بنایاجاسکے۔

اجلاس میں وفاقی اورصوبائی حکومتوں کے درمیان تعاون کو مستحکم اور قانون نافذکرنے والے اداروں کے درمیان موثر رابطے یقینی بنانے کیلئے ضروری اقدامات پراتفاق کیاگیا۔

وزیرداخلہ، وزیرقانون، گورنر سٹیٹ بنک، سیکرٹری خارجہ اورنیکٹا، ایف آئی اے، ایف بی آر، سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن اور دیگرمتعلقہ اداروں اور محکموں کے سینئر عہدیدار اجلاس میں شریک ہوئے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری