افغانستان; شیعہ نمازی پھر نشانے پر، 30 شہید، متعدد زخمی


افغانستان; شیعہ نمازی پھر نشانے پر، 30 شہید، متعدد زخمی

افغان صوبے پکتیا کے شہر گردیز میں نماز جمعہ کے موقع پر شیعہ مسجد میں دھماکے سے 30 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پکتیا پولیس کا کہنا تھا کہ گردیز شہر میں نماز جمعہ کے موقع پر مسجد کے اندر دھماکا ہوا۔

پکتیا پولیس چیف راز محمد مندوزئی کا کہنا تھا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق خودکش دھماکے میں 30 افراد شہید جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکا اس وقت ہوا، جب مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کی جارہی تھی۔

دھماکے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں اور جائے وقوع سے شواہد اکھٹا کرنا شروع کردیے تاہم ابھی تک کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

خیال رہے کہ افغانستان کافی عرصے سے بدامنی کا شکار ہے اور آئے روز افغان دارالحکومت سمیت مختلف صوبوں میں بم دھماکے اور حملے کیے جاتے ہیں جن میں غیر ملکی افواج سمیت مقامی سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔

اس سے قبل 31 جولائی کو مشرقی افغانستان میں سرکاری کمپاؤنڈ میں دھماکے میں 15 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ ملک کے مغربی حصے میں سڑک کنارے دھماکے سے 11 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

22 جولائی کو افغانستان کے دارالحکومت کابل انٹرنیشنل ائر پورٹ کے دروازے کے قریب ہونے والے دھماکے سے کم از کم 14 افراد جاں بحق اور 60 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری