ایران کی جانب سے مسجد امام زمان (عج) پر خودکش حملے کی شدید مذمت


ایران کی جانب سے مسجد امام زمان (عج) پر خودکش حملے کی شدید مذمت

ایران نے افغانستان کے صوبے پکتیا میں گزشتہ روز مسجدامام زمان (عج) پر ہونے والے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے.

تسنیم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کےمطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے  اپنے ایک بیان میں افغان صوبے پکتیا کے دارالحکومت گردیز میں واقع مسجدامام زمان (عج ) پر گزشتہ روز کے خودکش حملے کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مذمت کی۔ 

انہوں نے کہا کہ افغانستان پر مسلط کی جانی والی دہشتگردی کا اصل مقصد افغان قوم کے درمیان تفرقہ ڈالنا اور ملک کو طویل بدامنی کا شکار کرنا ہے.

بہرام قاسمی نے کہا کہ افغان عوام کے اتحاد اور ہوشیاری  سے ہی ان کے خلاف دہشتگردوں کی سازشیں ناکام ہوں گی۔

دوسری جانب ہمسایہ ملک پاکستان نے بھی پکتیا کے شہر گردیز کی مسجد میں ہونے والے خود کش دھماکے کی مذمت کی اور انسانی جانوں کے ضیا ع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ افغانستان کافی عرصے سے بدامنی کا شکار ہے اور آئے روز افغان دارالحکومت سمیت مختلف صوبوں میں بم دھماکے اور حملے کیے جاتے ہیں جن میں غیر ملکی افواج سمیت مقامی سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔

اس سے قبل 31 جولائی کو مشرقی افغانستان میں سرکاری کمپاؤنڈ میں دھماکے میں 15 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ ملک کے مغربی حصے میں سڑک کنارے دھماکے سے 11 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

22 جولائی کو افغانستان کے دارالحکومت کابل انٹرنیشنل ائر پورٹ کے دروازے کے قریب ہونے والے دھماکے سے کم از کم 14 افراد جاں بحق اور 60 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری