عمران خان کی تقریب حلف برداری میں ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں کو مدعو کرنے کا فیصلہ


عمران خان کی تقریب حلف برداری میں ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں کو مدعو کرنے کا فیصلہ

عمران خان کی بطور وزیر اعظم حلف برداری کی تقریب میں 1992 کرکٹ ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھی مدعو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ تقریب حلف برداری میں سابق ٹیسٹ کرکٹر اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے موجودہ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے شرکت کی حامی بھر لی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ فاسٹ بولر وسیم اکرم، لیگ اسپنر مشتاق احمد اور عاقب جاوید نے بھی تقریب میں شرکت کی حامی بھرلی ہے۔

سینیٹرفیصل جاوید کے مطابق جاوید میانداد، معین خان، رمیز راجا نے بھی تقریب میں شرکت کی حامی بھری ہے جبکہ 1992 کرکٹ ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے دیگرکھلاڑیوں سے بھی رابطے جاری ہیں۔

واضح رہے عمران خان کی بطور وزیراعظم تقریب حلف برداری کی حتمی تاریخ ابھی طے نہیں ہے تاہم آئین کے آرٹیکل 91 کی شق 2 کے تحت پولنگ ڈے سے 21 دن کے اندر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانا ضروری ہوتا ہے۔ نو منتخب ارکان، قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں حلف اٹھاتے ہیں۔

نو منتخب ارکان کی حلف برداری کے بعد کا مرحلہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا ہوتا ہے جس کے بعد ارکان اسمبلی قائد ایوان یعنی وزیراعظم کے لیے رائے شماری کرتے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری