تحریک انصاف کے محمود خان خیبرپختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ منتخب


تحریک انصاف کے محمود خان خیبرپختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ منتخب

آئندہ پانچ سال کے لیے خیبرپختونخوا اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے محمود خان وزیرِ اعلیٰ منتخب ہوگئے جبکہ سندھ میں وزیرِ اعلیٰ کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابقخیبرپختونخوا اسمبلی میں وزارتِ اعلیٰ کے لیے ہونے والے انتخاب میں پی ٹی آئی کے محمود خان نے 77 ووٹ حاصل کرکے خیبر پختونخوا کے 17ویں وزیراعلیٰ منتخب ہوئے۔

گزشتہ ماہ ہونے والے عام انتخابات میں سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) واضح اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھی جس کے ساتھ وہ اکیلے ہی حکومت بنانے کی پوزیشن میں تھی۔

ادھر خیبرپختونخوا اسمبلی میں بھی یہی صورتحال ہے جہاں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کیں اور وہ اکیلے ہی حکومت بنانے کی پوزیشن میں تھی۔

امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ عددی اعتبار سے واضح اکثریت ہونے پر سندھ میں پیپلز پارٹی اور خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف اپنا وزیرِ اعلیٰ لانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

سندھ میں وزیرِ اعلیٰ کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے جہاں پی پی پی کے مراد علی شاہ کے مقابلے میں متحدہ اپوزیشن کی جانب سے شہریار مہر کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔

سندھ اسمبلی میں اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب

خیال رہے کہ 15 اگست کو سندھ اسمبلی کے اراکین نے پیپلز پارٹی کے رہنما آغا سراج درانی کو آئندہ حکومت کے دوران اسپیکر اور ریحانہ لغاری کو ڈپٹی اسپیکر منتخب کیا تھا۔

خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہونے والے انتخاب میں پی پی پی کے آغا سراج درانی نے 96 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدِ مقابل متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے جاوید حنیف کو 59 ووٹ ملے۔

دوسری جانب ڈپٹی اسپیکر کے لیے رائے شماری میں ریحانہ لغاری کو 98 ووٹ حاصل ہوئے جبکہ ان کے قامبلے میں تحریک انصاف کی رابعہ اظفر کو 57 ووٹ حاصل ہوئے۔

واضح رہے کہ سندھ اسمبلی میں 96 نشستوں کے ساتھ پی پی پی سندھ کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے جبکہ 30 نشستوں کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) دوسرے نمبر پر ہے۔

ماضی میں سندھ کی دوسری بڑی جماعت ایم کیو ایم پاکستان 2018 کے انتخابات میں تیسری جماعت بن گئی ہے اور اس کی نشستوں کی تعداد 21 ہے۔

سندھ اسمبلی میں دیگر جماعتوں میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی 13، تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کی 3 جبکہ متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کی نشستوں کی تعداد ایک ہے.

خیبرپختونخوا اسمبلی میں اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب

یاد رہے کہ 15 اگست کو تحریک انصاف کے مشتاق غنی خیبر پختونخوا اسمبلی کے نئے اسپیکر اور ان ہی کی جماعت کے محمود جان ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے تھے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہونے والے انتخاب میں پی ٹی آئی کے مشتاق غنی نے 81 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدِ مقابل عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے لائق خان کو 27 ووٹ ملے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے خفیہ رائے شماری کی گئی جس میں پی ٹی آئی کے محمود جان نے 78 ووٹ حاصل کیے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جمشید مہمند کو 30 ووٹ مل سکے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری