لبیک اللھم لبیک……مناسکِ حج کا آغازآج سے


لبیک اللھم لبیک……مناسکِ حج کا آغازآج سے

سعودی عرب میں مناسک حج کا آغاز آج سے ہوگا، دنیا بھر سے آئے عازمین حج کے قافلے آج منیٰ پہنچیں گے، جہاں دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی آباد ہوگی۔

خبررساں تسنیم ادارے کے مطابق منیٰ میں دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی آج سے آباد ہوگی، فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین حج لبیک اللھم لبیک کی تسبیح پڑھتے ہوئے منیٰ پہنچیں گے، جس کے لئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور مکہ، منیٰ، مزدلفہ اور میدان عرفات کی فضائی نگرانی شروع کر دی گئی ہے۔

منی حرم سے آٹھ کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔مناسک حج کی ادائیگی کا سلسلہ 8ذی الحج سے شروع ہوگا، جو 12ذوالحج تک جاری رہیں گے ، 8 ذوالحج کو عازمین نماز فجر کی ادائیگی کے بعد بیت اللہ سے منیٰ کا رخ کریں گے ،جہاں قیام کے دوران ظہر، عصر، مغرب عشاء اور فجر کی نمازیں ادا کریں گے۔9ذی الحج کی صبح میدان عرفات کی طرف روانہ ہوں گے، جہاں اہم رکن اعظم یعنی وقوف عرفہ اداکریں گے اور خطبہ حج سنیں گے پھر امام حج کی اقتدا میں نماز ظہر اور عصرایک ساتھ ادا کریں گے۔عازمین میدان عرفات میں حکمِ خداوندی کے مطابق سورج غروب ہونے تک لازمی قیام کریں گے، حجاج کرام کی غروب آفتاب کے بعد مزدلفہ روانگی شروع ہوگی، جہاں وہ نماز مغرب اور عشاء  ملاکر پڑھیں گے اور رات بھر کھلے آسمان تلے قیام کریں گے۔10 ذی الحج کو طلوع آفتاب کے بعد حجاج کرام مزدلفہ سے کنکریاں اکٹھی کرکے جمرات (شیطان) کو ماریں گے اور قربانی کرنے کے بعد سر منڈوا کر احرام کھول دیں گے جبکہ خواتین بھی سر کے بالوں کی نوکیں کاٹیں گی، جس کے بعد حجاج مسجد حرام پہنچ کر طواف زیارت کریں گے۔رمی 11 اور 12 ذی الحج کو بھی جاری رہے گی۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری