تحریک انصاف کے عثمان بزدار وزیراعلیٰ پنجاب منتخب


تحریک انصاف کے عثمان بزدار وزیراعلیٰ پنجاب منتخب

تحریک انصاف کے سردار عثمان بزدار پنجاب کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق ، سپیکر چوہدری پرویز الہٰی کی زیرصدارت اجلاس کے دوران نئے قائد ایوان کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس کے دوران تحریک انصاف کے عثمان بزدار نے 189 جب کہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ ن کے حمزہ شہباز نے 159 ووٹ حاصل کیے۔

وزیراعلیٰ کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے بجائے اراکین کو اسپیکر کے دائیں اور بائیں جانب جمع ہو کر ان کی گنتی کے عمل سے کیا گیا تاہم پیپلز پارٹی نے قائد ایوان کے انتخاب کے عمل کے دوران حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا۔

اسپیکر اسمبلی نے عثمان بزدار کو ووٹ دینے والے اراکین کو اسمبلی ہال کے دائیں جانب اور حمزہ شہباز کو ووٹ دینے والے اراکین کو بائیں جانب لابی میں جمع ہونے کی ہدایت کی جس کے بعد ہال کے دروازے بند کرادیے گئے جب کہ اسپیکر نے ہدایت کی کہ جب تک اراکین کی گنتی مکمل نہیں ہوتی کوئی رکن باہر نہیں جائے گا۔

ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہونے کے بعد اسپیکر نے تحریک انصاف کے امیدوار عثمان بزدار کی کامیابی کا اعلان کیا۔

اسمبلی اجلاس کے دوران (ن) لیگ کے اراکین اسپیکر کی ڈائس کے سامنے جمع ہوئے اور شدید نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاج کیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری