ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے


ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے

پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں عید الاضحیٰ آج مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے جبکہ مسلمان سنتِ ابراہیمی کو پورا کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں قربانی بھی کر رہے ہیں۔

خبر رساں اداری تسنیم کے مطابق اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومت کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نمازِ عید کی ادائیگی کے لیے ہزاروں روح پرور اجتماعات منعقد کیے گئے۔

نماز عید کے اجتماعات میں ملک میں امن اور سلامتی، خوشحالی اور امت مسلمہ کی یکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

وفاقی دارالحکومت میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا جبکہ شہر قائد میں پولو گراؤنڈ میں سب سے بڑا اجتماع ہوا، جہاں سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

نمازِ عید کے اجتماعات کے دوران سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے جبکہ مساجد اور امام بارگاہوں کے باہر پولیس کی نفری بھی تعینات رہی۔

اس کے علاوہ نمازِعید کے اجتماعات کے بعد اہل ایمان سنتِ ابراہیمیؑ کی پیروی میں اللہ تعالیٰ کی راہ میں جانور قربان کر رہے ہیں۔

ملک بھر میں تمام ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قربانی کے جانوروں کی باقیات کو تلف کرنے اور صفائی ستھرائی کے لیے اقدامات بھی کیے گئے۔

وزیر اعظم عمران خان سے عید الاضحیٰ کی نماز اسلام آباد میں ادا کی، اس موقع پرا نہوں نے تمام اہل وطن کو عید کی مبارک باد پیش کی۔

چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے لاہور میں نماز عید ادا کی، جس کے بعد وہ شہریوں سے عید ملے اور قوم کو عید پر مبارکبادی پیغام دیا۔

قربانی ایک عالمگیر جذبہ ہے، وزیر اعظم

عید کے پر مسرت موقع پر ملک کے وزیر اعظم عمران خان نے قوم کے عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے زور دیا کہ وہ خوشی کے اس موقع پر غرباء و مساکین کو ہر گز نہ بھولیں۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق قوم کے نام عید کے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ قربانی ایک عالمگیر جذبہ ہے اور کوئی قوم اس جذبے کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی۔

عمران خان نے کہا کہ قربانی کا مقصد خود کو اللہ تعالیٰ کے سامنے سربسجود کرنا ہے۔

وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس پرمسرت موقع پر ہمیں اپنے ملک کے تحفظ، تعمیر اور ترقی کے لیے دی گئی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیے۔

اس موقع پر عمران خان نے دعا کی کہ اللہ پاک ہماری عبادتوں، قربانیوں اور دعائوں کو اپنی برگاہ میں قبول فرمائے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری