وزیراعظم عمران خان سے پاکستان میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کی الوداعی ملاقات


وزیراعظم عمران خان سے پاکستان میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کی الوداعی ملاقات

وزیراعظم عمران خان سے پاکستان میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے وزیراعظم آفس میں الوداعی ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ،اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی موجود تھے ۔

خبررساں تسنیم ادارے کے مطابق پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے وزیر اعظم عمران خان سے ان کے آفس میں الوداعی ملاقات کی اور پاک امریکہ مشترکہ مفادات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا ،انہوں نے بطور امریکی سفیر پاکستان میں اپنی تعیناتی اور پاکستانیوں کی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں گذرا ہو ا وقت ان کے لئے انتہائی شاندار تھا ۔واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے ایک بیان میں کہا کہ میں نے پاکستان میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں مکمل کی ہیں جو ان کیلئے ایک اعزاز تھا ۔انہوں نے کہاکہ انہیں امریکی وزیر خارجہ میں نئی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں لیکن وہ پاکستان میں مہمان نوازی اور لوگوں کی ان سے اچھے مراسم کو یاد رکھیں گے۔

یاد رہے کہ انہوں نے پاکستان میں 2015ء میں سفیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالی تھیں  اور وہ مسلسل تین سال تک پاکستان میں امریکہ کے سفیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھاتے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز امریکی وزیر خارجہ مائیکل پومپیو نے وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیاتھا جس کے بعد امریکی محکمہ خارجہ کی پریس ریلیز میں دعوی کیا گیا تھاکہ ’’ پومپیونے پاکستانی وزیر اعظم سے  گفتگو کے دوران اس بات کی اہمیت کو اجاگر کیا کہ پاکستان، ملک میں سرگرم تمام دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کُن اقدام کرے گا ‘‘۔اس پریس ریلیز کے فوری بعد ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے امریکی بیان کو مسترد کرتے ہوئے اسے حقائق کے منافی قرار دیا اور کہا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ایسی کوئی گفتگو ہوئی ہی نہیں، اس کی فی الفور تصحیح کی جائے ،تاہم آج امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ’’وہ  پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان اور امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے درمیان ٹیلی فون پر ہونے والی بات چیت کے بعد جاری ہونے والے بیان کے متن پر قائم ہے‘‘۔تاہم حیران کن امر یہ ہے کہ وزیر اعظم اور امریکی سفیر کے درمیان ہونے والی الوداعی ملاقات میں اس نئے تنازعے کے حوالے سے کسی قسم کی گفتگو سامنے نہیں آئی ۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری