کراچی میں بارش، موسم خوشگوار

کراچی میں صبح سویرے ہونے والی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

کراچی میں بارش، موسم خوشگوار

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، کراچی میں صبح سویرے ہونے والی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔، تاہم دفاتر جانے والے شہریوں کو ٹریفک جام اور سڑکوں پر پھسلن کے سبب مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

شہر میں رواں برس مون سون کے سیزن کے دوران بارش نہیں ہوئی تھی، جس کے بعد آج (جمعہ) کو ہونے والی بارش سے شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جن علاقوں میں بارش ہوئی ان میں ملیر، گلستانِ جوہر، گلشن اقبال، ناظم آباد، شیر شاہ، لسبیلہ، کلفٹن اور دیگر علاقے شامل ہیں۔

اطلاعات کے مطابق بارش کے بعد سڑکوں پر ہونے والی پھسلن کے باعث کچھ حادثات بھی رونما ہوئے جس میں کئی موٹر سائیکل سوار زخمی بھی ہوئے۔

اس ضمن میں ٹریفک پولیس کی جانب سے اعلامیہ بھی جاری کیا گیا جس میں شہریوں کو احتیاط سے ڈرائیونگ کرنے کی ہدایت کی گئی اور خاص طور پر موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ کا استعمال کرتے ہوئے محتاط طریقے سے بائیک چلانے کا کہا گیا۔

اس کے علاوہ شہر میں ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہوئی، جس کے باعث تعلیمی اداروں میں جانے والے طالب علموں اور دفاتر جانے والے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

سب سے زیادہ دیکھی گئی پاکستان خبریں
اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری